آرسی بی کیخلاف آج چینائی سوپر کنگس پر دباؤ

   

ممبئی۔ لگاتار چار شکستوں سے دوچار ہونے کے بعد چینائی سوپرکنگز (سی ایس کے) منگل کو یہاں رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے خلاف اپنے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میچ میں اپنا کھویا ہوا اعتماد دوبارہ حاصل کرنے کی کوشاں ہوگی۔ ہیڈکوچ اسٹیفن فلیمنگ نے بھی اعتراف کیا ہے کہ لگاتار چار شکستوں نے دفاعی چمپئنزکے اعتماد کو متزلزل کردیا ہے۔چار بارکی چمپئن سی ایس کے نے رویندر جڈیجہ کی قیادت میں اس قسم کی کرکٹ نہیں کھیلی ہے جس کے لیے وہ مشہور ہے۔ جڈیجہ اب تک مثالی قیادت کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ مہندر سنگھ دھونی، رابن اتھپا، امباتی رائیڈو اور ڈوین براوو جیسے سینئرکھلاڑیوں کو اس بحرانی صورتحال میں مزید ذمہ داری نبھانی ہوگی۔سی ایس کے نے اب تک ایک میچ میں 200 سے زیادہ رنز بنائے ہیں لیکن ان کے بیٹرس باقی تین میچوں میں رن نہیں بنا سکے۔ اب انہیں آر سی بی کے زبردست بولنگ کا سامنا کرنا پڑے گا جس میں اسپنر وینندو ہسرنگا، ڈیوڈ ولی اور محمد سراج شامل ہیں۔ نوجوان رتوراج گائیکواڈ نے ابھی چلنا ہے اور انہیں ایک بڑی اننگز کھیلنے کی ضرورت ہے۔ آل راؤنڈر معین علی اور شیوم دوبے کو بھی زیادہ ذمہ داری اٹھانا ہوگی۔فلیمنگ نے اعتراف کیا کہ ٹیم کو فاسٹ بولردیپک چہر کی کمی محسوس ہو رہی ہے، جنہوں نے چوٹ کی وجہ سے کوئی میچ نہیں کھیلا۔کھلاڑیوں کی دستیابی ایک مسئلہ ہے اور ہم نے اب تک تینوں شعبوں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں کم کارکردگی دکھائی ہے۔ ہمیں تمام شعبوں میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔دوسری طرفآر سی بی نے اب تک تمام شعبوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور ٹیم اعتماد سے بھری ہوئی ہے۔اوپنر انوج راوت نے ممبئی انڈینزکے خلاف نصف سنچری بنائی جبکہ ویرات کوہلی نے بھی رنز اسکورکئے ہیں۔ کپتان فاف ڈو پلیسس کسی بھی بولنگ حملے کو منہدم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ آر سی بی کے ٹاپ آرڈر کے تینوں بیٹر اس وقت اچھی فارم میں ہیں۔دنیش کارتک آر سی بی کے لیے فنشر کا کردار ادا کررہے ہیں اور انجینئر سے کرکٹر بنے شہباز احمد نے بھی اپنی اب تک کی کارکردگی سے متاثرکیا ہے۔براووکو چھوڑکرسی ایس کے کے بولروں میں کوئی اور متاثر نہیں کر سکا۔ مکیش چودھری اب تک ان کے لیے کمزورکڑی ثابت ہوئے ہیں۔