حیدرآباد 23 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے کارگذار صدر پونم پربھاکر نے آج الزام عائد کیاکہ نریندر مودی حکومت انقلابی آر ٹی آئی قانون کو واپس لینے کا منصوبہ بنارہی ہے۔ یہ قانون عام آدمی کے ہاتھوں میں ایک مضبوط ہتھیار بن جائے گا کہ وہ ملک کی حکمرانی سے متعلق تمام قسم کی معلومات کو حاصل کرسکے۔ پونم پربھاکر نے مزید کہاکہ سابق یو پی اے I حکومت نے یہ قانون لایا تھا۔ اب اِس قانون کو مودی حکومت برخاست کرنا چاہتی ہے۔ حق معلومات قانون کے مسئلہ پر گہری سوچ اور صلاح مشورہ کے بعد عمل آوری شروع کی گئی تھی۔ عوام کو نہ صرف ایک شفاف حکمرانی حاصل کرنے میں مدد ملی بلکہ عہدیداروں کے اندر احساس ذمہ داری کو یقینی بنانے کے لئے یہ قانون اہمیت رکھتا ہے۔