آر ٹی سی ہڑتال کی جلد یکسوئی، وزیر پنچایت راج دیاکر رائو کا دعوی

   

حیدرآباد۔ 16 اکٹوبر (سیاست نیوز) وزیر پنچایت راج ای دیاکر رائو نے دعوی کیا کہ آر ٹی سی ملازمین کے سی آر کے ساتھ ہیں۔ جبکہ یونین کے قائدین ملازمین کو مشتعل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے دیاکر رائو نے امید ظاہر کی کہ بہت جلد آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کی یکسوئی ہوجائے گی۔ کے سی آر ایک دردمند دل رکھنے والے باپ کی طرح اپنے بچوں کو بلاکر بات چیت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب کبھی بچے ناراض ہوجائیں تو والد انہیں سمجھا بجھاکر مناتے ہیں۔ دیاکر رائو نے کہا کہ چوں کہ یہ معاملہ عدالت میں ہے لہٰذا وہ اس بارے میں کچھ کہنا نہیں چاہتے۔ انہوں نے حضورنگر کے ضمنی انتخاب میں ٹی آر ایس امیدوار کی بیس ہزار سے زائد ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی کا دعوی کیا۔ انہوں نے کانگریس قائدین کو چیلنج کیا کہ وہ اپنی کامیابی کے سلسلہ میں دعویداری پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کا حضورنگر کے چنائو پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ حضورنگر کے آر ٹی سی ملازمین ٹی آر ایس کے ساتھ ہیں۔