کینبرا : آسٹریلیائی حکومت نے اپنے ایسے شہریوں پر ملک میں داخلے کے معاملہ میں عبوری امتناع عائد کر رکھا ہے جو موجودہ طور پر ہندوستان میں ہیں اور اُن کی آمد سے 14 روز قبل وہ کورونا وائرس سے متاثرہ ملک میں رہتے ہیں تو اُنھیں وطن واپس نہیں ہونا چاہئے۔ اِس کا مطلب ہے کہ اسٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر، گلین میکس ویل، پیاٹ کمنس اور دیگر آسٹریلیائی کھلاڑی جو جاریہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل 2021) کا حصہ ہیں، اگر وہ موجودہ شدید کوویڈ صورتحال میں اپنے وطن واپس ہوتے ہیں تو اُنھیں 5 سال کی سزائے قید ہوسکتی ہے یا بھاری جرمانہ ادا کرنا پڑسکتا ہے۔ آسٹریلیا سے جاری آئی پی ایل میں موجودہ طور پر 14 کھلاڑی کھیل رہے ہیں اور کئی آسٹریلیائی شہری جیسے رکی پونٹنگ، ڈیوڈ ہسی، بریٹ لی اور میتھیو ہیڈن مختلف آئی پی ایل فرنچائز کے کوچنگ / سپورٹ اسٹاف اور ٹی وی کیمنٹری ٹیم کا حصہ ہیں۔ آسٹریلیائی حکومت نے اپنے ملک کو کورونا کی نئی لہر سے محفوظ رکھنے کا عزم کر رکھا ہے۔ آسٹریلیا دنیا کے دیگر خطوں کے مقابل وائرس سے کم متاثر ہوا ہے۔ چنانچہ حکومت کوئی بھی جوکھم مول لینا نہیں چاہتی۔ اِس لئے حکومت نے پہلے ہی اپنے شہریوں کے لئے سخت احتیاطی اقدامات کا اعلان کر رکھا ہے جس کے تحت ہندوستان جیسے شدید متاثرہ ملکوں کے سفر سے اپنے شہریوں کو روکنا اور وہاں سے آنے پر بھی روک لگانا شامل ہے۔