دبئی: ہندوستان کے دو مکہ بازوں نریندر (+91) اور آشیش کمار (75 کلوگرام) کو چہارشنبہ کی رات ایشیائی مکہ بازی مقابلہ میں اپنے کوارٹر فائنل میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ایونٹ کے پچھلے ایڈیشن میں چاندی کا تمغہ جیتنے والے آشیش کو ورلڈ چیمپیئن شپ اور ایشیائی کھیلوں کے نقرئی تمغہ فاتح ابیلخان امانکول نے 3 سخت مقابلے میں تین ۔دو سے شکست دی تھی جبکہ نریندر عالمی چیمپئن شپ میں دو مرتبہ چاندی کا تمغہ جیتنے والے کامشیبیک کونکابایف کے خلاف صفر۔پانچ سے ہارگئے ۔ حالانکہ ہندوستان مقابلے میں 15 تمغے یقینی کرکے اپنی بہترین کارکردگی پیش کرچکا ہے۔ ہندوستان کی 10 خواتین پہلوان جمعرات کو اپنے سیمی فائنل میچ کھیلیں گی ، جن میں سے سات خواتین ریسلرز براہ راست سیمی فائنل کھیلیں گی۔ ان 10 پہلوانوں میں مونیکا (48 کلوگرام) ، ایم سی میری کوم (51) ، ساکشی (54) ، جیسمین (57) ، سمرنجیت (60) ، لال بتسائی (64) ، لولینا(69) ، پوجا رانی (75) ، سویٹی ( 81) اور انوپما (+81) شامل ہیں ۔