آشیش مشرا کی ضمانت کیخلاف اپیل کیلئے ایس آئی ٹی کی سفارش

   

نئی دہلی: لکھیم پور کھیری میں تشدد کے معاملے کی جانچ کرنے والی خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) نے چہارشنبہ کے روز سپریم کورٹ کو بتایا کہ اس نے حکومت اترپردیش سے اس معاملے کے کلیدی ملزم آشیش مشرا کی ضمانت کے خلاف اپیل دائر کرنے کی سفارش کی ہے ۔چیف جسٹس این وی رمن، جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس ہیما کوہلی کی بنچ نے ریاستی حکومت سے کہا کہ وہ ایس آئی ٹی کی سفارش کے پیش نظر پیر تک اپنا جواب داخل کرے ۔ سپریم کورٹ اس معاملے کی اگلی سماعت 4 اپریل کو کرے گا۔الہ آباد ہائی کورٹ کی لکھنؤ بنچ نے 10 فروری کو مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا کے بیٹے آشیش کو ضمانت دے دی تھی۔ متاثرہ کسانوں کے اہل خانہ اور دو وکلاء نے ضمانت کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔لکھیم پور میں آشیش کی کار سے مبینہ طور پر کچلے جانے والے کسانوں کے رشتہ داروں کی طرف سے ایڈوکیٹ پرشانت بھوشن نے سپریم کورٹ میں آشیش کی ضمانت منسوخ کرنے کی درخواست دائر کی تھی۔مہلوک کسانوں کے اہل خانہ کی قیادت کررہے جگجیت سنگھ کی جانب سے ایڈوکیٹ بھوشن نے فروری میں خصوصی رخصت کی درخواست دائر کی۔ درخواست گزار نے ضمانت کے لیے اختیار کیے گئے پیرامیٹرز کو قانونی عمل اور انصاف کو نظر انداز کرنے کے مترادف قرار دیا ہے ۔کسانوں کے اہل خانہ کی جانب سے کچھ دن پہلے ایڈوکیٹ سی ایس پانڈا اور شیو کمار ترپاٹھی نے بھی ضمانت کے خلاف سپریم کورٹ میں خصوصی رخصت کی درخواست دائر کی تھی۔ ان وکلاء کی عرضی پر سپریم کورٹ نے معاملے کی جانچ کے لیے ایک ایس آئی ٹی تشکیل دی تھی۔