آل انڈیا سرویس و سنٹرل سیول سرویس عہدیداروں کیلئے فاؤنڈیشن کورس

   

چیف سکریٹری سومیش کمار نے افتتاح کیا۔ سوشل میڈیا کے بجائے کتابوں کے مطالعہ کا مشورہ
حیدرآباد 22 ستمبر (سیاست نیوز) چیف سکریٹری سومیش کمار نے آل انڈیا سرویسس اور سنٹرل سیول سرویسس کے عہدیداروں کے لئے منعقدہ اسپیشل فاؤنڈیشن کورس 2022 ء کا افتتاح انجام دیا۔ ڈاکٹر ایم چناریڈی ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ میں منعقدہ اِس فاؤنڈیشن کورس میں ملک بھر سے تعلق رکھنے والے آل انڈیا سرویسس اور سنٹرل سیول سرویسس کے عہدیدار شرکت کررہے ہیں۔ حکومت ہند کے ڈپارٹمنٹ آف پرسونل اینڈ ٹریننگ نے دیگر اداروں کے اشتراک سے کورس کا اہتمام کیا۔ چیف سکریٹری نے اِس موقع پر عہدیداروں کو ملک کے لئے اُن کی خدمات اور فرائض و اخلاقیات کی پابندی کا حلف دلایا۔ اُنھوں نے عہدیداروں کے لئے کورس مینول جاری کیا۔ سومیش کمار نے اپنے افتتاحی خطاب میں عہدیداروں کے لئے ٹریننگ اور کورس کی اہمیت کو اُجاگر کیا اور کہاکہ موجودہ حالات میں کام کی نوعیت میں تبدیلی ہوچکی ہے اور فاؤنڈیشن کورس کے ذریعہ مزید معلومات میں اضافہ اور کارکردگی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے اور معیاری نظم و نسق کی فراہمی کے اقدامات کریں۔ اُنھوں نے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ مسابقتی رجحان میں اضافہ کے لئے کتابوں کے مطالعہ پر توجہ دیں اور اپنا قیمتی وقت واٹس ایپ اور سوشل میڈیا میں ضائع نہ کریں۔ چیف سکریٹری نے تلنگانہ حکومت کی مختلف اسکیمات کا حوالہ دیا اور کہاکہ ٹریننگ حاصل کرنے والے عہدیداروں کیلئے یہ کارکردگی کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ اُنھوں نے بتایا کہ گزشتہ 7 برسوں میں حکومت نے 250 کروڑ پودے لگائے ہیں اور اِس مہم کے ذریعہ 7 فیصد علاقے کا احاطہ کیا گیا۔ ڈائرکٹر جنرل انسٹی ٹیوٹ اور پرنسپل سکریٹری حکومت بی مہیش دت ایکا نے فاؤنڈیشن کورس کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ کورس ڈائرکٹر ڈاکٹر کے تروپتیا و دیگر نے مخاطب کیا۔ ر