آمدنی سے زاید اثاثہ جات کیس: ملائم اور اکھلیش کی مشکلات میں اـضافہ

   

نئی دہلی 25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) آمدنی سے زاید اثاثہ جات رکھنے کے معاملے میں ملائم سنگھ یادو، اکھلیش یادو اور پرتیک یادو کی مشکلات بڑھ سکتی ہیں چونکہ سپریم کورٹ نے اِس معاملے میں سی بی آئی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتے میں اِس حوالے سے ہونے والی پیشرفت رپورٹ طلب کی ہے۔ چیف جسٹس رنجن گوگوئی نے کہاکہ 2007 ء میں سی بی آئی نے اسٹیٹس رپورٹ میں کہا تھا کہ پہلی نظر میں کیس بنتا ہوا نظر آتا ہے، اِس لئے رسمی طور پر کیس درج کرتے ہوئے تحقیقات کی جانی چاہئے۔ اب عدالت یہ جاننا چاہتی ہے کہ اِس کیس کا کیا ہوا؟ کیس درج ہوا یا نہیں۔ دوسری طرف ملائم سنگھ کے وکلاء نے انتخابات کے دوران ایسی درخواست کی مخالفت کی ہے اور کہا ہے کہ کل سب اخبارات میں یہ خبر شائع ہوگی تاہم چیف جسٹس نے کہاکہ وقت سے کچھ بھی فرق نہیں پڑتا۔ کیا ہوا ہمیں یہ جاننا ہے۔ سپریم کورٹ اِس کیس پر سماعت کررہی ہے جس میں سماج وادی پارٹی کے قائدین اور اترپردیش کے سابق چیف منسٹر ملائم سنگھ یادو اور اُن کے فرزند اکھلیش یادو، پرتیک یادو کے خلاف آمدنی سے زیادہ دولت رکھنے کے معاملہ میں سی بی آئی کو تحقیقاتی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ چیف جسٹس رنجن گوگوئی اور جسٹس دیپک گپتا کی بنچ نے سیاسی کارکنان وشواناتھ چترویدی کی نئی درخواست پر سماعت کی ہے۔ اُنھوں نے سی بی آئی کو یہ ہدایت دینے کی گزارش کی گئی تھی وہ یا تو سپریم کورٹ یا ایک مجسٹریٹ عدالت کے پاس آمدنی سے زاید اثاثہ جات رکھنے کی رپورٹ پیش کرے۔