آگرہ: مایاوتی پر پابندی،بھتیجے کا پہلاسیاسی خطاب

   

لکھنؤ۔16اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بہوجن سماج پارٹی سپریموما یاوتی پر الیکشن کمیشن کی جانب سے اگلے 48 گھنٹوں میں کسی بھی قسم کی سیاسی سرگرمی میں شرکت نہ کرنے کی پابندی عائد کئے جانے کے بعد ان کے بھتیجے آکاش نے ایس پی ۔بی ایس پی ۔آر ایل ڈی اتحاد کی جانب سے منگل کو آگرہ میں منعقد مشترکہ ریلی میں اپنی پہلی سیاسی تقریر کی۔قابل ذکر ہے کہ مایاوتی اس ریلی میں شرکت نہ کرسکیں ۔ان پر الیکشن کمیشن نے 48 گھنٹوں کی پابند عائد کی ہے ۔مایاوتی پر الیکشن کمیشن کی جانب سے عائد کردہ پابندی کا نفاذ 16اپریل کی صبح 06 بجے سے ہوا ہے ۔آکاش آنند نے اپنے مختصر خطاب میں لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اتحاد کے امیدواروں کے حق میں یک طرفہ ووٹ کر کے مخالف پارٹی کے امیدوار کی ضمانت ضبط کرا کے الیکشن کمیشن کو اس کا جواب دیں۔ آکاش آنند کا نام بی ایس پی کے اسٹار انتخابی مہم چلانے والوں کی فہرست میں بھی ہے ۔مسٹر آکا ش نے مزید کہا کہ میں آپ تما م کا مشکور ہوں کہ آپ لوگ اتنی بڑی تعداد میں میری ‘بوا’ کی اپیل پر جمع ہوئے ۔ میں پہلی بار آپ تما م کے سامنے حاضر ہوا ہوں۔میں آپ تمام سے ایک درخواست کرنا چاہتاہوں کہ آپ اتحاد کے امیدوار کے حق میں ووٹ کر کے اس کی جیت کو یقینی بنائیں۔اور یہی میری بوا پر عائد پابندی کا صحیح جواب ہوگا۔