اٹلی میں کورونا وائرس سے اب تک 10ہزار779 افراد ہلاک

,

   

روم، 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ۔ 19)سے بری طرح متاثر اٹلی میں اس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 10ہزار779 ہو گئی ہے جبکہ 97 ہزار 689 لوگ اس سے متاثر ہوئے ہیں۔اٹلی کے سویلین سیکورٹی ڈپارٹمنٹ کی جانب سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس سے 756 افراد کی موت ہوئی ہے ۔ تاہم ہفتہ کے مقابلہ میں اتوار کو کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں کچھ کمی آئی ہے ۔ مذکورہ محکمہ کے سربراہ اینجیلو بورے لی کے مطابق اتوار کو اٹلی میں کورونا وائرس کے تین ہزار سے زیادہ نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس سے اب تک کل متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 97ہزار689 ہو گئی ہے ۔ ان متاثرین میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جن کی اس وبا سے موت ہو چکی ہے یا جو بالکل ٹھیک ہو چکے ہیں۔ کورونا وائرس سے متاثر 42ہزار 558 لوگوں کو علاج کے لئے گھروں میں ہی قرنطینہ کیا گیا ہے جبکہ 27ہزار386 لوگوں کواسپتال میں داخل کیا گیا ہے جن میں سے 3906 افراد کی حالت نازک بتائی جارہی ہے ۔اٹلی میں اب تک کورونا وائرس کے 13030 مریض بالکل ٹھیک ہو چکے ہیں اور انہیں اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے ۔خیال رہے اٹلی میں 21 فروری کو کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا۔قابل غور ہے کہ اٹلی کا صوبہ لومبارڈی اس وبا سے سب سے زیادہ شدید متاثر ہے ۔