وجئے سنکلپ یاترا کو عوامی تائید، عنبرپیٹ کے مختلف علاقوں کا دورہ
حیدرآباد ۔ یکم مارچ (سیاست نیوز) مرکزی وزیر سیاحت اور بی جے پی کے ریاستی صدر جی کشن ریڈی نے کہا کہ اپریل کے پہلے ہفتہ میں لوک سبھا انتخابات منعقد ہوسکتے ہیں۔ پارٹی کی وجئے سنکلپ یاترا کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں اور جاریہ ماہ شیڈول کی اجرائی کا امکان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بدعنوانیوں کے خاتمہ اور تمام طبقات کو امن اور تحفظ فراہم کرتے ہوئے مودی حکومت فلاحی اسکیمات پر عمل کر رہی ہے۔ کشن ریڈی نے کہا کہ عوام کو آنے والی نسلوں کے تابناک مستقبل کو یقینی بنانے کیلئے بی جے پی کی تائید ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ وجئے سنکلپ یاترا کامیابی کے ساتھ ریاست بھر میں جاری ہے۔ کشن ریڈی نے اپنے حلقہ انتخاب عنبرپیٹ کے مختلف علاقوں میں وجئے سنکلپ یاترا کے تحت عوام سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے سنگین حالات میں انہوں نے حلقہ لوک سبھا سکندرآباد کے عوام کی ہر ممکن مدد کی ہے۔ ملک میں آئی ایس آئی سرگرمیوں میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ مودی حکومت نے ملک دشمن سرگرمیوں کے خلاف سخت اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی اسکیمات غریب اور متوسط طبقات کے لئے فائدہ مند ہیں اور عوام نے لوک سبھا چناؤ میں نریندر مودی کی تائید کا فیصلہ کیا ہے۔ کشن ریڈی نے کہا کہ گرام پنچایتوں کی ترقی کے ذریعہ مجالس مقامی کو فنڈس فراہم کئے گئے ۔ 1