اپل کے یتیم خانہ سے 8بچے فرار

   

ڈان باسکو بازآبادکاری مرکز کے انتظامات پر شبہات
حیدرآباد ۔ 8اپریل ( سیاست نیوز) رچہ کنڈہ کے علاقہ اپل میں ایک بازآبادکاری مرکز سے 8 لڑکے لاپتہ ہوگئے ۔ تاخیر سے منظر عام پر آئے اس واقعہ کے متعلق شبہات کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ 8 لڑکے جو ڈان باسکو بازآبادکاری مرکز میں رہتے تھے ۔ راتوں رات فرار ہوگئے اور مفرور تمام نابالغ بتائے گئے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ پرگتی نگر اپل میں واقع اس راحت کاری سنٹر کے نگرانکار وارڈن پریم کمار نے اپل پولیس میں گمشدگی کی شکایت درج کروائی ہے ۔ اپل پولیس کے مطابق تحقیقات جاری ہے ۔ بتایا جاتا ہے ڈان باسکو بازآبادکاری مرکزکی نگرانی میں یہ یتیم خانہ چلایا جاتا ہے ۔ دو دن کے بعد شکایت سے اس واقعہ پر شبہات کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ اس یتیم خانہ کے متعلق حفاظتی اقدامات میں خامیوں کے متعلق سابق میں کئی شکایتیں بھی کی گئی تھیں ۔ اس سلسلہ میں بچوں کے حقوق کی تنظیم بالا حکولہ سنگھم نے یتیم خانہ کے انتظامیہ کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرتے ہوئے یتیم خانہ کے لائسنس کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔