اپوزیشن صدارتی امیدوار یشونت سنہا کو ٹی آر ایس کی تائید

   

حیدرآباد 26 جون ( سیاست نیوز ) اپوزیشن کے صدارتی امیدوار یشونت سنہا 27 جون پیر کو اپنا پرچہ نامزدگی داخل کریں گے ۔ تلنگانہ کی برسر اقتدار ٹی آر ایس نے بھی یشونت سنہا کی تائید کا فیصلہ کیا ہے ۔ یشونت سنہا پیر کو 11.30 بجے دن اپنا پرچہ نامزدگی داخل کریں گے ۔ ٹی آر ایس کے ورکنگ صدر کے ٹی راما راؤ پرچہ نامزدگی کے وقت موجود رہیں گے ۔ کے ٹی آر اتوار کی رات ہی دہلی کیلئے روانہ ہوگئے ۔ کے ٹی آر کے ساتھ ارکان پارلیمنٹ این ناگیشور راؤ اور رنجیت ریڈی کے علاوہ سریش ریڈی ‘ بی بی پاٹل ‘ وینکٹیش نیتا اور پربھاکر ریڈی بھی یشونت سنہا کے پرچہ نامزدگی کے ادخال کے وقت موجود رہیں گے ۔ ٹی آر ایس نے چند دن قبل مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتابنرجی کی جانب سے صدارتی امیدوار پر فیصلہ کے سلسلہ میں منعقدہ اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں شرکت نہیں کی تھی ۔ تاہم ٹی آر ایس نے صدارتی انتخاب میں یشونت سنہا کی تائید کا فیصلہ کیا ہے اور کے ٹی آر پرچہ نامزدگی داخل کرتے وقت موجود رہیں گے ۔