اپوزیشن کا عظیم اتحاد ‘ گذشتہ انتخابات کی مایوسی کا نتیجہ

   

بی جے پی کو اقتدار کا کوئی نشہ نہیں۔ چیف منسٹر یو پی آدتیہ ناتھ کا انٹرویو
لکھنو 8 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ نے آج کہا کہ ریاست میں اپوزیشن کا عظیم اتحاد اس کے ارکان کی مایوسی کا نتیجہ ہے کیونکہ گذشتہ عام انتخابات میں ان جماعتوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اتحاد میں شامل جماعتیں جھوٹ بولنے پر اتر آئی ہیں اور وہ حقیقی مسائل جیسے فسادات اور ان کے دور میں لا قانونیت پر اظہار خیال نہیں کر رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست کے رائے دہندے مخالف بی جے پی اتحاد کو مسترد کردینگے جو بہوجن سماج پارٹی ‘ سماجوادی پارٹی اور راشٹریہ لوک دل پر مشتمل ہے ۔ آدتیہ ناتھ نے کہا کہ گذشتہ عام انتخابات میں شکست کی مایوسی کے نتیجہ میں یہ جماعتیں ایک دوسرے کے ساتھ آئی ہیں ۔ عوام انہیں قبول نہیں کرینگی ۔ 2014 کے لوک سبھا انتخابات اور 2017 کے یو پی اسمبلی انتخابات میں ان جماعتوں کو بری طرح شکست ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی کل دیوبند میں منعقدہ ریلی اس مایوسی کا ثبوت ہے ۔ انہیں حیرت ہوئی کہ کل کی ریلی میں مایاوتی ‘ اکھیلیش یا پھر اجیت سنگھ نے مغربی اترپردیش میں ہوئے فسادات کا تذکرہ تک نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ ان جماعتوں نے اپنے دور حکومت میں نراج جیسی صورتحال کا تذکرہ کیوں نہیں کیا ؟ ۔ انہوں نے مودی کو غیر ذمہ دارانہ چوکیدار قرار دینے مایاوتی کے ریمارک پر کہا کہ آج سارا ملک مودی کے پیچھے کھڑا ہے اور ملک میں کوئی ان کا متبادل نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لوگ اچھی طرح جانتے ہیں کہ ملک میں خوشحالی کون لا سکتا ہے اور ملک کی حفاظت کون کرسکتا ہے ۔ 2014 کے انتخابات میں بی ایس پی اور آر ایل ڈی کو ایک بھی نشست نہیں مل سکی تھی اور اس بار بھی ان کا یہی حشر ہونے والا ہے ۔ انہو ںنے سماج وادی پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کو فریب اور ہیرا پھیری کے ذریعہ پانچ نشستیں حاصل ہوئی تھیں لیکن اس بار ان حلقوں میں بھی اسے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ آدتیہ ناتھ نے ان الزامات کو مسترد کردیا کہ بی جے پی پر اقتدار کا نشہ چڑھ گیا ہے ۔ انہو ںنے کہا کہ بی جے پی کو کوئی نشہ نہیں ہے بلکہ وہ غریبوں‘ پچھڑے ہوئے اور دیگر طبقات کی بہتری کیلئے فکرمند ہے ۔ وہ سماج کے ہر شعبہ کو ترقی دینے کی خواہش مند ہے ۔ انہوں نے مودی کو شکست دینے اپوزیشن قائدین کے دعووں کو مضحکہ خیز قرار دیا ۔