علاقائی سطح پر اتحاد کو ترجیح کا مشورہ، ہریانہ میں لوک دَل کے پروگرام میں شرکت پر مشاورت
حیدرآباد۔/20 ستمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے قومی سطح پر اپوزیشن جماعتوں کو متحد کرنے کی کوششوں کو کیرالا کے چیف منسٹر پی وجین کی تائید حاصل ہوئی ہے۔ سی پی آئی اور سی پی ایم نے قومی سطح پر بی جے پی کے خلاف سیکولر متبادل کی تیاری میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے۔ چیف منسٹر کیرالا نے کہا کہ نتیش کمار نے بی جے پی کے خلاف ملک بھر میں ایک مضبوط محاذ کی تیاری کیلئے این ڈی اے سے علحدگی اختیار کی ہے اور ان کا یہ فیصلہ قابل ستائش ہے۔ وجین نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ مختلف ریاستوں میں موجود مخالف بی جے پی طاقتوں کو متحد کرنے کی مہم پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط علاقائی جماعتوں کے ذریعہ بی جے پی کو شکست دی جاسکتی ہے۔ وجین کا کہنا ہے کہ قومی سطح پر اتحاد سے زیادہ علاقائی سطح پر مخالف بی جے پی طاقتوں کو متحد کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ریاستوں میں بی جے پی کی پیش قدمی روکی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ملک میں مخالف بی جے پی مضبوط محاذ کا بے چینی سے انتظار ہے۔ اسی دوران چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی 25 ستمبر کو ہریانہ میں انڈین نیشنل لوک دَل کے پروگرام میں شرکت پر شبہات ظاہر کئے جارہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے اس مسئلہ پر پارٹی قائدین سے مشاورت کی ہے۔ اوم پرکاش چوٹالہ نے اپنے والد دیوی لال کی یاد میں ’’ سمان سماروہ ‘‘ کا اہتمام کیا ہے۔ اس پروگرام میں اپوزیشن قائدین کو مدعو کیا گیا جن میں ملائم سنگھ یادو، ممتا بنرجی، نتیش کمار، ایچ ڈی دیوے گوڑا، شرد پوار، پرکاش سنگھ بادل شامل ہیں۔ اس پروگرام کے ذریعہ اوم پرکاش چوٹالہ غیر بی جے پی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانا چاہتے ہیں۔ چوٹالہ نے کے سی آر کو پروگرام میں مدعو کرنے کا اعلان کیا ہے تاہم کے سی آر کی شرکت کے بارے میں صورتحال غیر واضح ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کے سی آر کی شرکت کا انحصار نتیش کمار کی موجودگی پر رہے گا۔ کے سی آر قومی دارالحکومت دہلی میں اپوزیشن اتحاد کی مساعی کے حق میں ہیں ۔ اگر وہ چوٹالہ کے پروگرام میں شرکت کریں گے تو دیگر ریاستوں سے بھی اس طرح کے دعوت نامے مل سکتے ہیں۔ر