احمد آباد، 10 جولائی (یو این آئی) اڈانی گروپ کی معروف کمپنی اڈانی انٹرپرائزز لمیٹڈ اور کیمیائی مینوفیکچرنگ میں مہارت رکھنے والی فرانس کی کلین ٹیک کمپنی ڈائی آکسیکل نے جمعہ کو کاربن کے اخراج کو کم سے کم کرتے ہوئے کیمیکلز کی تیاری کے لیے طویل مدتی شراکت داری کا اعلان کیا ہے ۔ اس پہل کی شروعات اڈانی گروپ کی ایک سائٹ پر قائم کیے جانے والے پائلٹ پلانٹ سے ہوگی۔ اس پلانٹ میں کیپچر کی گئی کاربن ڈائی آکسائیڈ اور قابل تجدید بجلی کا استعمال کرتے ہوئے فارمک ایسڈ تیار کیا جائے گا۔ اگر یہ تجربہ کامیاب رہا اور استعمال کی گئی ٹیکنالوجی کی تصدیق ہو گئی تو دونوں کمپنیاں تجارتی سطح پر اس کی توسیع کریں گی۔ فارمک ایسڈ اور اس کی تیاری میں بننے والی ذیلی مصنوعات کا وسیع پیمانے پر استعمال ٹیکسٹائل، زراعت اور مینوفیکچرنگ سمیت کئی صنعتوں میں کیا جاتا ہے۔ اڈانی انٹرپرائزز نے بتایا کہ اس شراکت داری کا مقصد ڈائی آکسیکل کی بجلی پر مبنی کیمیائی مینوفیکچرنگ ٹیکنالوجی کو اڈانی گروپ کی کلین انرجی کی صلاحیتوں، انفراسٹرکچر پلیٹ فارم اور پروجیکٹ کے نفاذ کی مہارت کے ساتھ جوڑ کر پائیدار اور لاگت کے لحاظ سے مسابقتی کیمیائی پیداوار کا ایک نیا ماڈل تیار کرنا ہے۔