اڈانی کے تحفظ کیلئے مودی حکومت کی اوچھی حرکتیں

   

راہول گاندھی کی پارلیمنٹ رکنیت ختم کرنے کے خلاف محبوب نگر میں کانگریس کا احتجاج، مختلف قائدین کا خطاب

محبوب نگر۔/25 مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) راہول گاندھی کی پارلیمنٹ رکنیت ختم کرنے اور تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے پرچہ جات کے افشاء کے مسئلہ پر ضلع کانگریس کے زیر اہتمام NSUI کی جانب سے ایک بڑی احتجاجی ریالی منظم کی گئی۔ یہ ریالی ضلع کانگریس کے دفتر سے تلنگانہ چوراستہ پہنچ کر کارنر میٹنگ میں تبدیل ہوگئی۔ ریالی کی قیادت صدر ضلع کانگریس جی مدھوسدن ریڈی نے کی جبکہ ریاستی NSUI کے صدر بلموروینکٹ نے بھی ریالی میں حصہ لیا۔ بلمور وینکٹ نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ راہول گاندھی کی پارلیمنٹ رکنیت ختم کرنا دراصل جمہوریت کے قتل کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سازش کے خلاف یوم سیاہ منایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایوان پارلیمنٹ میں راہول گاندھی کی تقریر کو روکنے کیلئے یہ گھناؤنی حرکت کی گئی ہے۔ اڈانی کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے کتنی اوچھی حرکتیں کی جارہی ہیں ملک کے عوام دیکھ رہے ہیں۔ اس موقع پر ’’ مودی ہٹاؤ، دیش بچاؤ‘‘ کے نعرے بلند کئے گئے اور نریندر مودی کا پتلہ نذر آتش کیا گیا۔ وینکٹ اور صدر ضلع کانگریس نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی زبرست جدوجہد سے تلنگانہ حاصل ہوا۔ لاکھوں نوجوان روزگار کے منتظر ہیں۔ کانگریس 30 لاکھ طلباء کی زندگیوں سے کھلواڑ کے خلاف عدالت میں لڑرہے ہیں ایسے میں تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن سے پرچہ کا افشاء بدبختانہ بات ہے۔ انہوں نے سیٹنگ جج سے تحقیقات کا مطالبہ کیا۔کے سی آر پرشدید نکتہ چینی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کیسے کہا جاسکتا ہے کہ اس معاملہ میں صرف دو افراد ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں بی آر ایس حکومت من مانی کررہی ہے تو مرکز کی بی جے پی حکومت عوام دشمن پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔ دھرنا میں ریاستی کانگریس کے جنرل سکریٹری ونود کمار، سنجیو مدیراج، سراج قادری، مہیلا کانگریس صدر وسنتا، لکشمن یادو، بنہر و دیگر موجود تھے۔