اڈانی گروپ نے نیوز ایجنسی آئی اے این ایس کو بھی خریدلیا

   

نئی دہلی: ملک کے مشہور صنعت کار گوتم اڈانی نے نیوز چینل این ڈی ٹی وی انڈیا کے حق ملکیت خریدنے کے بعد اب نیوز ایجنسی آئی اے این ایس کو بھی خرید لیا ہے۔ اس ڈیل کے بعد میڈیا پر اڈانی گروپ کی گرفت اور مضبوط ہو گئی ہے۔ گزشتہ سال مارچ میں انہوں نے کوئنٹلین بزنس میڈیا خریدا تھا، جوبی کیو پرائم کے نام سے ایک ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم چلاتا ہے۔اس کے بعد ڈسمبر میں، اڈانی گروپ نے این ڈی ٹی وی میڈیا میں 65 فیصد حصہ خریدا تھا۔ مالی سال 2022-23 ء میں آئی اے این ایس کی آمدنی 11.86 کروڑ روپے تھی۔ اڈانی گروپ نے میڈیا کے کاروبار میں اپنی دسترس مضبوط کی ہے۔نیوز ایجنسی آئی اے این ایس بھی اے ایم ایل این کا ذیلی ادارہ بن گیا ۔این ڈی ٹی وی کی طرح، آئی اے این ایس کا بھی صدر دفتر دہلی میں ہے۔ اڈانی انٹرپرائزز گروپ کی میڈیا ہولڈنگ کمپنی نے کہا کہ اس کی ذیلی کمپنی اے ایم جی میڈیا نیٹ ورکس لمیٹڈ نے آئی اے این ایس انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ کے ایکویٹی حصص میں 50.50 فیصد حصص حاصل کیا ہے، تاہم کمپنی نے حصول کی قیمت کا انکشاف نہیں کیا ہے۔