اڈیشہ میں ٹرین حادثہ، 70 افراد ہلاک، 350 زخمی

,

   

بھوبنیشور: اڈیشہ میں آج ایک بڑا ٹرین حادثہ پیش آیا ہے۔ ریاست میں بالاسور کے بہناگا اسٹیشن کے قریب کورو منڈل ایکسپریس اور مال گاڑی آپس میں ٹکرا گئے۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ پاسنجر ٹرین کورومنڈل ایکسپریس (12841) کی کئی بوگیاں پٹری سے اتر گئے۔ حادثہ میں اب تک 70 افراد ہلاک اور تقریباً 350 دیگر زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ زخمیوں کو سورو سی ایچ سی، گوپال پور سی ایچ سی اور کھانٹا پاڑا پی ایچ سی میں داخل کرایا گیا ہے۔ ریسکیو اور سرچ آپریشن کیلئے ٹیمیں پہنچ گئی ہیں۔ اسپیشل ریلیف کمشنر کے دفتر نے بتایا کہ بالاسور کے کلکٹر کو بھی تمام ضروری انتظامات کرنے اور ریاستی سطح سے کسی اضافی مدد کی ضرورت پڑنے پر ایس آر سی کو مطلع کرنے کیلئے مقام حادثہ پر پہنچنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ کمشنر
نے ایمرجنسی کنٹرول روم نمبر: 06782- 262286 جاری کیا ہے۔چیف منسٹر اڈیشہ نوین پٹنائک نے اسپیشل ریلیف سکریٹری ستیہ براتا ساہو اور وزیر مال پرمیلا ملک کو فوری جائے حادثہ پہنچنے کی ہدایت دی ہے۔ ساوتھ ایسٹرن ریلوے نے کہا کہ ریلیف ٹرینوں کو حادثہ کے مقام پر بھیج دیا گیا ہے۔ وزیراعظم نریندرمودی نے ٹوئیٹ میں اس حادثہ پر دکھ کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے بھی تشویش اور فکرمندی ظاہر کی ہے۔ چیف منسٹر ایم کے اسٹالن نے کہا کہ ریاست سے بھی وزیرٹرانسپورٹ ایس ایس شیواشنکر کی قیادت میں ایک ٹیم اوڈیشہ کیلئے روانہ ہورہی ہے تاکہ حادثہ میں متاثر ہونے والے ٹامل افراد کی مدد کی جاسکے ۔ اسٹالن نے نوین پٹنائک سے بات کی اور حادثہ پر دکھ اور فکرمندی کا اظہار کیا۔ سدرن ریلوے نے چینائی میں ہیلپ لائن قائم کی ہے۔