اڈیشہ ٹرین حادثہ: سپریم کورٹ میں پی آئی ایل کا ادخال

   

نئی دہلی : ایڈوکیٹ وشال تیواری نے سپریم کورٹ میں ایک پی آئی ایل داخل کرکے اڈیشہ کے بالاسور ٹرین حادثے کی اعلیٰ سطحی جانچ کی مانگ کی ہے ، جس میں 288 افراد ہلاک جبکہ 1000 سے زیادہ لوگ زخمی ہوگئے ۔تیواری نے کہا کہ انہوں نے بالاسور میں ہولناک ٹرین حادثہ کے بارے میں سپریم کورٹ میں مفاد عامہ کی عرضی دائر کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس پی آئی ایل پر فوری سماعت کے لئے پیر یا منگل کو عدالت عظمیٰ کی تعطیلاتی بنچ کے سامنے معاملہ رکھیں گے ۔بالاسور ٹرین حادثہ کیس میں، مسٹر تیواری نے عدالت عظمیٰ سے ریلوے کے حفاظتی پیرامیٹرز کا عدالتی جائزہ لینے اور ‘کوچ’ کو نافذ کرنے کی مانگ کی ہے ۔سپریم کورٹ کے سامنے 54 صفحات پر مشتمل درخواست میں، انہوں نے کہا، “میں عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے انڈین ریلوے میں کوچ پروٹیکشن سسٹم نامی آٹومیٹک ٹرین پروٹیکشن (اے ٹی پی) سسٹم کو فوری طور پر نافذ کرنے کے لیے ہدایت کا مطالبہ کرتا ہوں۔”عرضی گزار تیواری نے سپریم کورٹ میں مرکزی حکومت اور وزارت ریلوے کو مدعا علیہ بنایا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں ایک انکوائری کمیشن تشکیل دیا جائے۔