اثاثہ جات اور مقدمات دونوں میں آگے، کوثر محی الدین اور احمد بلعلہ کے اثاثہ جات میں اضافہ
حیدرآباد ۔16۔نومبر (سیاست نیوز) اسمبلی انتخابات میں امیدواروں کی جانب سے حلفنامے کے ادخال سے عوام کو یہ جاننے میں سہولت ہورہی ہے کہ کونسا امیدوار کتنا دولتمند ہے اور کس کے خلاف مقدمات ہیں۔ پرچہ نامزدگی کے ساتھ ہر امیدوار کو آمدنی ، اثاثہ جات اور مقدمات کی تفصیل حلفنامہ پیش کرنا لازمی ہے۔ مجلس کے امیدواروں کا جہاں تک سوال ہے ، اکبرالدین اویسی تمام امیدواروں میں زیادہ دولتمند ہیں۔ اکبر اویسی ، کوثر محی الدین ، احمد بلعلہ ، ماجد حسین اور محمد مبین کی جانب سے داخل کئے گئے حلفناموں کا جائزہ لیں تو ان تمام میں اثاثہ جات اور مقدمات کے معاملہ میں اکبر اویسی سرفہرست ہیں۔ چندرائن گٹہ اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کرنے والے اکبر اویسی کے پاس 7.93 کروڑ کے منقولہ اثاثہ جات ہیں جبکہ 2018 کے انتخابی حلفنامہ کے مطابق ان کی اہلیہ کے اثاثہ جات 3.53 کروڑ ہیں۔ 2023 اسمبلی انتخابات کے حلفنامہ میں اکبر اویسی کے اثاثہ جات میں اضافہ ہوا ہے ۔ ان کے غیر منقولہ اثاثہ جات 3.91 کروڑ کے ہیں اور ان کی اہلیہ کے پاس 4.95 کروڑ کے غیر منقولہ اثاثہ جات ہیں۔ اکبر اویسی 4 رہائشی جائیدادوں کے مالک ہیں جن میں دو حیدرآباد اور دو بنگلور میں ہیں۔ ان کے تازہ ترین کے مطابق غیر منقولہ اثاثہ جات کی مالیت 4.50 کروڑ ہے جبکہ اہلیہ کے اثاثہ جات کی مالیت 5.40 کروڑ بتائی گئی ہے۔ دونوں کے قرض علی الترتیب 2.89 کروڑ اور 5.96 کروڑ بتائے گئے ہیں۔ اکبر اویسی کے خلاف مختلف پولیس اسٹیشنوں میں 4 ایف آئی آر درج ہیں۔ کاروان سے مجلس کے امیدوار کوثر محی الدین اور ان کی اہلیہ کے منقولہ اور غیر منقولہ اثاثہ جات میں گزشتہ چناؤ کے مقابلہ اضافہ درج کیا گیا ہے ۔ 2018 ء میں کوثر محی الدین کے منقولہ اثاثہ جات 22.90 لاکھ تھے جبکہ ان کی اہلیہ کے پاس 11 لاکھ کے منقولہ اثاثہ جات کا اظہار کیا گیا تھا۔ 2023 ء اسمبلی انتخابات میں دونوں کے منقولہ اثاثہ جات علی الترتیب 36.57 لاکھ اور 43 لاکھ بتائے گئے ہیں۔ غیر منقولہ اثاثہ جات 2018 ء میں علی الترتیب 5.60 لاکھ اور 6.80 لاکھ تھے لیکن 2023 چناؤ کے حلفنامہ کے مطابق غیر منقولہ اثاثہ جات کی مالیت علی الترتیب 33 لاکھ اور 1.24 کروڑ ہوچکی ہے۔ کوثر محی الدین کے ذرائع آمدنی اور تنخواہ اور زراعت ہیں، ان کے خلاف ایک مقدمہ درج ہے۔ ملک پیٹ کے امیدوار احمد بن عبداللہ بلعلہ کے منقولہ اثاثہ جات اور غیر منقولہ اثاثہ جات 2014 ء میں علی الترتیب 39 لاکھ اور 3.5 کروڑ بتائے گئے تھے۔ 2023 ء چناؤ کے حلفنامہ میں منقولہ اثاثہ جات کی مالیت 2 کروڑ اور غیر منقولہ اثاثہ جات 5.16 کروڑ بتائے گئے ہیں۔ احمد بلعلہ کے واجبات 1.06 کروڑ ہیں۔ نامپلی اسمبلی حلقہ سے پہلی مرتبہ مقابلہ کرنے والے ماجد حسین نے حلفنامہ میں منقولہ اثاثہ جات کی مالیت 92.10 لاکھ بتائی ہے جبکہ ان کی اہلیہ کے نام پر منقولہ اثاثہ جات کی مالیت 51.61 لاکھ ہے۔ ماجد حسین کے غیر منقولہ اثاثہ جات کی مالیت 1.04 کروڑ ہے جبکہ ان کی اہلیہ کے پاس 3.50 لاکھ کے اثاثہ جات ہیں۔ ماجد حسین کے واجبات تقریباً 16.88 لاکھ بتائے گئے ۔ انکے خلاف سرکاری عہدیدار کو فرائض سے روکنے کا مقدمہ درج ہے۔ ماجد حسین کے پاس ایک گن لائسنس بھی ہے۔ بہادر پورہ سے معظم خاں کی جگہ پہلی مرتبہ مقابلہ کرنے والے محمد مبین کارپوریٹر نے حلفنامہ میں 17.25 لاکھ کے منقولہ اثاثہ جات کا انکشاف کیا ہے جبکہ ان کی اہلیہ کے پاس 6.20 لاکھ کے اثاثہ جات ہیں۔ محمد مبین کے غیر منقولہ اثاثہ جات 1.27 کروڑ ہیں۔