اکٹوبر میں جی ایس ٹی وصولی 2.31لاکھ کروڑسے متجاوز

   

نئی دہلی، یکم نومبر (یواین آئی) اشیا اور خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) کے تحت مجموعی محصول کی وصولی اکتوبر میں 22.9 فیصد کے زبردست اضافے کے ساتھ 2.31 لاکھ کروڑ روپے سے تجاوز کرگئی۔حکومت کی جانب سے اتوار کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2026 میں مجموعی جی ایس ٹی وصولی 2,31,290 کروڑ روپے رہی۔ یہ گزشتہ سال اکتوبر میں حاصل ہونے والی 1,88,125 کروڑ روپے کی رقم کے مقابلے میں 22.9 فیصد زیادہ ہے ۔اس اضافے میں درآمدات پر عائد ہونے والے انٹیگریٹڈ جی ایس ٹی (آئی جی ایس ٹی) کا اہم کردار رہا، جس میں 42.2 فیصد کا نمایاں اضافہ درج کیا گیا۔ اس کی وجہ درآمد شدہ اشیا کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ بتایا گیا ہے ۔ اکتوبر میں درآمدات پر آئی جی ایس ٹی کی وصولی 72,246 کروڑ روپے رہی، جبکہ گھریلو جی ایس ٹی کی وصولی 15.8 فیصد بڑھ کر 1,59,044 کروڑ روپے ہوگئی۔اکتوبر میں جی ایس ٹی کے تحت مجموعی ریفنڈ کی رقم سالانہ بنیاد پر 6.5 فیصد بڑھ کر 27,934 کروڑ روپے رہی۔ اس میں گھریلو جی ایس ٹی کے مد میں دیا جانے والا ریفنڈ 9.8 فیصد اور برآمد کنندگان کو جاری کیا جانے والا ریفنڈ 3.4 فیصد بڑھ کر بالترتیب 14,007 کروڑ روپے اور 13,927 کروڑ روپے رہا۔ریفنڈ کی رقم منہا کرنے کے بعد اکتوبر میں خالص جی ایس ٹی محصول 2,03,356 کروڑ روپے رہا۔ یہ گزشتہ سال اکتوبر کے مقابلے میں 25.6 فیصد زیادہ ہے ۔
اس میں خالص گھریلو محصول 1,45,037 کروڑ روپے اور خالص کسٹم محصول 58,319 کروڑ روپے رہا۔ دونوں میں بالترتیب 16.4 فیصد اور 56.2 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا۔