اکھلیش کیساتھ سیلفی کیلئے پارٹی کارکنان میں بھگدڑ

,

   

اسٹیج کے پاس ہنگامہ ، ہیلی پیاڈ کی بیریکیڈنگ توڑدی گئی۔صدر ایس پی بحفاظت روانہ

پریاگ راج: اترپردیش میں اسمبلی انتخابات کے درمیان جاری سیاسی ہنگامے کے درمیان اس وقت خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہو گیا جب سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو کے جلسہ میں زبردست ہنگامہ برپا ہوا۔ پریاگ راج کے کرچھنا میں اکھلیش یادو کے جلسہ عام میں ہاتھ ملانے اور سیلفی لینے کیلئے لوگ ایک دوسرے پر بازی لیجانے کی کوششوں کے درمیان سماج وادی پارٹی کے کارکنوں نے ہنگامہ کھڑا کردیا۔ اسٹیج سے ہیلی پیاڈ تک ہر جگہ بیریکیڈنگ توڑ کر ایس پی کے کارکنوں نے جم کر ہنگانہ مچایا۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ یہ سب اکھلیش یادو کی موجودگی میں ہوا۔ جلسہ عام کے دوران بھگدڑ مچ گئی۔ یہ لوگ اس قدر ہنگامہ آرائی پر اتر آئے کہ پولیس کو لاٹھی چارج کرنا پڑا۔ سینکڑوں ایس پی کارکنان اکھلیش یادو کے ہیلی کاپٹر کے قریب پہنچے، پھر سکیورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیس نے ان پر لاٹھی چارج کیا۔ کافی کوشش کے بعد پولیس والوں نے کسی طرح اکھلیش کا ہیلی کاپٹر روانہ کرایا جبکہ ہنگامہ آرائی اور افراتفری کی صورتحال کافی دیر تک برقرار رہی۔ تاہم پولیس کی بروقت کارروائی نے فوری طور پر ماحول کو قابو میں کرلیا۔ بعدازاں اکھلیش اپنے دیگر انتخابی جلسوں میں شرکت کیلئے بحفاظت روانہ ہوگئے ہیں۔