اک شخص نے اس شہر میں سچ بول دیا تھا

   

سونیا گاندھی کی خود نوشت سے خوف کیوں؟
حقائق منظر عام پر… بی جے پی اور آر ایس ایس میں کہرام

رشیدالدین
سونیا گاندھی سے زیادہ کتاب سے خوف۔ عام طور پر کسی بھی شخصیت کا خوف ہوتا ہے لیکن ہندوستان کی سیاست میں الٹی گنگا بہہ رہی ہے۔ شخصیت سے زیادہ خوف خود نوشت کا مخالفین کے دل و دماغ پر بیٹھ چکا ہے۔ یہ شخصیت کوئی اور نہیں سونیا گاندھی ہیں۔ راجیو گاندھی کی ہلاکت کے بعد سونیا گاندھی نے عملی سیاست میں قدم رکھا لیکن اس وقت سے لے کر آج تک بھی بی جے پی ، آر ایس ایس اور دیگر مخالفین پر ان کا خوف اس قدر طاری نہیں ہوا جو آج ان کی خود نوشت سے دیکھا جارہا ہے۔ سونیا گاندھی نے آخر ایسا کیا لکھ دیا کہ نہ صرف بی جے پی بلکہ سنگھ پریوار میں زلزلہ کے جھٹکے محسوس کئے جارہے ہیں۔ شخصیت سے زیادہ کتاب کا یہ خوف شائد پہلے کبھی دیکھا گیا ہو۔ یوں تو دنیا کی کئی اہم شخصیتوں نے خود نوشت لکھی جن میں اوباما ، نیلسن منڈیلا اور ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام شامل ہیں لیکن کسی کی کتاب پر اس قدر ہنگامہ نہیں ہوا۔ پنڈت جواہر لال نہرو کی خود نوشت کے بعد اگر کسی نے خود نوشت تحریر کی ہے تو وہ سونیا گاندھی ہیں ۔ اندرا گاندھی ، راجیو گاندھی اور سنجے گاندھی نے کوئی خود نوشت تحریر نہیں کی اور انہیں اس کا موقع بھی نہیں ملا۔ یہ الگ بات ہے کہ ان تینوں پر کئی کتابیں لکھی گئیں لیکن انہوں نے کچھ نہیں لکھا ۔ ملک کے موجودہ سیاسی حالات میں سونیا گاندھی کی کتاب نے کانگریس زیر قیادت انڈیا الائنس کے لئے آکسیجن کا کام کیا ہے۔ عملی سیاست میں حصہ لیتے ہوئے سونیا گاندھی بی جے پی اور آر ایس ایس کو زیادہ نقصان نہیں پہنچا سکیں لیکن ان کی تحریر سے بی جے پی اور سنگھ پریوار میں کہرام مچا ہے۔ خود نوشت کا معاملہ جیسے ہی منظر عام پر آیا ، پبلیشر پر دباؤ بڑھنے لگا۔ ایک پبلیشر نے لمحہ آخر میں کتاب کی اشاعت سے انکار کردیا لیکن دوسرے نے ہمت دکھائی۔ جیسے جیسے خود نوشت نے کتابی شکل اختیار کی اور اس کے اقتباسات منظر عام پر آنے لگے ، مخالف خیمہ میں کھلبلی مچ گئی۔ کتاب کے منظر عام پر آنے سے قبل ہی مخالفت کا آغاز ہوگیا اور کتاب میں پیش کردہ حقائق سے اختلاف کرتے ہوئے سچائی کو جھٹلانے کی کوششیں شروع ہوگئیں۔ بی جے پی کو آخر اس کتاب سے اس قدر خوف کیوں ہے؟ حقائق اور سچائی کا سامنا کرنے اور اسے تسلیم کرنے کے بجائے فرار اور انکار کا راستہ کیوں اختیار کیا گیا ۔ دراصل بی جے پی کو اندیشہ ہے کہ سونیا گاندھی کی خود نوشت سے عوام جاگ جائیں گے جو بی جے پی کے زوال کا سبب بن سکتا ہے۔ سیاسی میدان میں سونیا گاندھی نے کچھ کیا ہو تو کہا جاسکتا ہے کہ ایک خاتون سے اتنا خوف کیوں؟ لیکن یہاں تو معاملہ خاتون کی تحریر کا ہے ۔ شخصیت سے زیادہ ان کی تحریر کے اثر انداز ہونے کا امکان ہے ۔ کوئی بھی شخص اپنی خود نوشت لکھتا کیوں ہے۔ اپنے اندر دبے ہوئے تجربات ، احساسات اور خوشیوں کو الفاظ میں ڈھال کر ذہنی طور پر خود ہلکا محسوس کرنے کی ایک کوشش ہے۔ زندگی کے نشیب و فراز ، سیاسی ، سماجی اور تاریخی لمحات اور واقعات پر اپنا نظریہ پیش کرنے خود نوشت کا سہارا لیا جاتا ہے ۔ زندگی کی جدوجہد کو کاغذ پر سمیٹ کر آنے والی آہٹ سے عوام کو باخبر کرنے کا دوسرا نام خود نوشت ہے۔ سونیا گاندھی عملی سیاست کا حصہ ہیں۔ اپنی سیاسی فکر اور حکمت عملی کے ذریعہ خود کو تاریخ کا حصہ بنانے کی ایک کامیاب کوشش ہے ۔ سابق میں جو بھی صحیح یا غلط فیصلے کئے گئے ، ان کے پس پردہ محرکات اور مجبوریوں کو عوام کے روبرو پیش کرنے کا سونیا گاندھی نے حوصلہ دکھایا ہے۔ خود نوشت کے بارے میں سماج کے ہر شعبہ اور طبقہ کی رائے یقینی طور پر مختلف ہوگی کیونکہ ہر کوئی اپنی صلاحیت اور نظریہ کے تحت کتاب سے نتائج اخذ کرے گا لیکن یہ بات طئے ہے کہ سونیا گاندھی نے خود نوشت کے ذریعہ کانگریس اور دیگر مخالف بی جے پی طاقتوں کو سیاسی مستقبل کی روشنی دکھائی ہے۔ کئی دہائیوں پر مشتمل اپنے تجربات کے تحت کیمبرج یونیورسٹی لندن میں راجیو گاندھی سے ملاقات ، محبت پھر شادی سے اندرا گاندھی خاندان میں داخلہ ، راہول اور پرینکا کی پرورش ، اندرا گاندھی کا اقتدار ، ایمرجنسی ، اندرا گاندھی کی سیاسی ہار، کانگریس کا دوبارہ اقتدار ، اندرا گاندھی کی ہلاکت ، راجیو گاندھی کا دور حکومت ، شاہ بانو کیس ، شریعت کے حق میں دستوری ترمیم ، راجیو گاندھی کی ہلاکت ، بابری مسجد کی شہادت ، گجرات فسادات ، یو پی اے حکومت ، منموہن سنگھ کا انتخاب ، پرنب مکرجی کی وزارت عظمیٰ کی خواہش ، مودی کا اقتدار ، حکومت سے عوام کی ناراضگی ، الغرض سونیا گاندھی نے ہر اہم مسئلہ پر سیر حاصل گفتگو کی ہے۔ بی جے پی اور سنگھ پریوار کو اس بات پر اعتراض ہے کہ بابری مسجد کی شہادت پر سونیا گاندھی نے غم زدہ ہوکر آنسو بہانے کا ذکر کیا ۔ اپنے تجربات اور احساسات کو الفاظ میں ڈھالتے ہوئے انہوں نے نئی نسل کو پیام دینے کی کوشش کی ہے کہ ناانصافیوں کو خاموشی سے سہنے کے بجائے آواز بلند کریں۔ سیاسی مبصرین کا ماننا ہے کہ خود نوشت کے ذریعہ سونیا گاندھی نے 2029 لوک سبھا چناؤ میں بی جے پی کی اقتدار میں واپسی کی راہ میں رکاوٹ پیدا کردی ہے۔ بی جے پی اور آر ایس ایس کو اعتراض اس بات پر بھی ہے کہ جس خاتون کو وہ غیر ملکی قرار دیتے تھکتے نہیں تھے، انہوں نے خود کو ہندوستانی تہذیب سے اٹوٹ وابستگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیرونی شہریت کے پروپگنڈہ کو ناکام بنادیا۔ بی جے پی اور سنگھ پریوار کی فرقہ پرستانہ سیاست کا پردہ فاش کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے Gen-Z میں پھیلی بے چینی کا بھی حوالہ دیا۔ انہوں نے مودی حکومت کے زوال کی پیش قیاسی کردی۔ برطانوی سامراج میں سورج غروب نہیں ہوتا تھا اور کسی نے زوال کا تصور بھی نہیں کیا تھا لیکن برطانوی سامراج محض باقیات اور تاریخ میں یاد بن کر رہ گیا ہے۔ اسی طرح مودی حکومت کی آمرانہ طرز کا بھی نوجوان نسل مقابلہ کرے گی۔ کثرت میں وحدت کا حوالہ دیتے ہوئے سونیا گاندھی نے واضح کردیا کہ ملک پر ایک مذہب اور ایک زبان مسلط کرنے آر ایس ایس کے منصوبہ کو عوام ناکام بنادیں گے۔ اب جبکہ کتاب عوام کے درمیان ہے ، دیکھنا یہ ہے کہ تبدیلی کا آغاز کب اور کیسے ہوگا ؟
ووٹ چوری کے خلاف ملک بھر میں جاری احتجاج اور عوامی ناراضگی کے درمیان الیکشن چوری کے نئے معاملات منظر عام پر آئے ہیں۔ حالیہ انکشافات کے بعد سوال پیدا ہورہا ہے کہ کیا 2024 کا الیکشن چرایا گیا تھا ؟ لوک سبھا اور کئی ریاستوں کے اسمبلی انتخابات پر بھی شبہات پیدا ہورہے ہیں۔ مہاراشٹرا ، ہریانہ اور جموں و کشمیر کی 51 لوک سبھا نشستوں کے نتائج کے بارے میں رپورٹرس کلکٹیو کے تازہ انکشافات نے بی جے پی کی ملی بھگت سے الیکشن کمیشن کے رول کو مشکوک بنادیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے قواعد کے مطابق پولنگ بوتھ پر قطار میں موجود رائے دہندوں کا ریکارڈ رکھا جاتا ہے اور ووٹنگ مشین میں پائے جانے والے ووٹوں کی تعداد سے ان کا تقابل کیا جاتا ہے ۔ بہت کم ایسا ہوا ہے کہ رائے دہندوں کی تعداد اور مشین میں پائے جانے والے ووٹ میں فرق دیکھا گیا۔ رپورٹ کے مطابق 19 لوک سبھا حلقوں کے بارے میں الیکشن کمیشن نے اس بات کا کوئی ریکارڈ نہیں رکھا کہ کتنے رائے دہندے پولنگ بوتھ آئے تھے۔ الیکشن کمیشن کے ریکارڈ میں 19 حلقہ جات میں صفر انٹری درج کی گئی۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگر پولنگ بوتھ پر رائے دہندے نہیں آئے تو پھر ووٹ کس نے دیا اور نتیجہ کا اعلان کس طرح کیا گیا۔ مہاراشٹرا میں لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات کے درمیان 32 لاکھ ناموں کی شمولیت پر اپوزیشن نے سوال اٹھائے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ مہاراشٹرا میں بالغ افراد کی تعداد 9.54 کروڑ درج کی گئی جبکہ رائے دہندے 9.7 کروڑ ہیں۔ 12 لوک سبھا حلقوں میں پولنگ بوتھ پہنچنے والے رائے دہندوں کی تعداد سے کم ووٹ مشینوں میں پائے گئے جبکہ 20 حلقہ جات میں رائے دہندوں کی آمد سے زیادہ ووٹ مشینوں میں پائے گئے ۔ ممبئی نارتھ لوک سبھا حلقہ میں بی جے پی کے پیوش گوئل کا کانگریس کے بھوشن پاٹل سے مقابلہ تھا۔ الیکشن کمیشن کے ریکارڈ کے مطابق 18.11 لاکھ ووٹ ڈالے گئے ۔ لیکن مشینوں میں 10.33 لاکھ ووٹ پائے گئے اور پیوش گوئل کو 3.5 لاکھ کی اکثریت سے کامیاب قرار دیا گیا۔ اگر 18 لاکھ ووٹ ڈالے گئے تو پھر صرف 10 لاکھ کی گنتی کیوں کی گئی اور باقی 7.78 لاکھ ووٹ کہاں گئے؟ تازہ انکشافات سے ووٹ چوری کے خلاف مہم میں شدت پیدا ہوسکتی ہے۔ سونیا گاندھی کی خود نوشت پر شہود آفاقی کا یہ شعر صادق آتا ہے ؎
اک شخص نے اس شہر میں سچ بول دیا تھا
کٹتی ہوئی لوگوں کی زباں دیکھ رہا ہوں