اگر میں نے دولت اکھٹا کی ہے تو ثابت کریں، مودی کا چیلنج

,

   

مہاملاوٹی اپوزیشن سے ہندوستان کا بھلا نہیں ہوگا ، کانگریس اور آر جے ڈی ملک کو تاریکی میں ڈال دیں گے

بلیا/ بکسر۔14مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی نے آج اپوزیشن پارٹیوں پر شدید حملہ کرتے ہوئے انہیں کھلا چیلنج کیا کہ اگر انہوں نے کسی بیرونی بینک میں رقم رکھی ہے یا کوئی اثاثہ جمع کئے ہیں تو ثابت کریں ۔ وہ مشرقی اترپردیش کے بلیا میں انتخابی جلسہ سے خطاب کررہے تھے جب کہ لوک سبھا انتخابات کے آخری مرحلہ کیلئے انتخابی مہم کے چند دن رہ گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ مہا ملاوٹی لوگوں کو کھلا چیلنج کرتے ہیں کہ اگر اُن میں ہمت ہو تو مجھ پر فقرے کسنے کے بجائے انہیں میرا چیلنج قبول کرنا چاہیئے ۔ میرا کھلا چیلنج یہ ہے کہ وہ ثابت کریں آیا میں نے کوئی بے نامی جائیداد حاصل کی ہے ، کوئی فام ہاؤز بنایا ہے ، کوئی بنگلہ یاشاپنگ کامپلکس تعمیر کرایا ہے یا کسی بیرونی بینک میں رقم جمع کرائی ہو یا پھر بیرون ملک میں جائیداد خریدی یا وہاں سے لاکھوں اور کروڑوں روپئے مالیت کی گاڑیاں خرید کرلائی ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ نہ انہوں نے کبھی امیر ہونے کا خواب دیکھا اور نہ غریبوں کی رقم لوٹنے کا گناہ کیا ہے ۔ ہم غریبوں کی بہبود کو اولین ترجیح دیتے ہیں اور مادر وطن کی سلامتی اور اُس کی سربلندی کو نہایت اہمیت دیتے ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان کا غرور اور اس کے دہشت گردوں کا تکبر ہوا ہوگیا ۔ دہشت گرد جو اپکستان میں کھلے عام آتشیں اسلحہ لئے گھومتے پھرتے تھے وہ اب روپوش ہوگئے ہیں اور مودی حکومت ختم ہوجانے کی دعا کررہے ہیں ۔ کبھی وہ جنگل کی طرف دوڑتے ہیں ، کبھی آسمان کی طرف دیکھتے ہیں اور کبھی سمندر کی طرف چلے جاتے ہیں ۔ وہ مسلسل بے چین ہیں اور اُن کی نیند اڑگئی ہے ۔ میں نے ملک کے جانبازوں کو آزادی دے رکھی ہے ۔ اس لئے پہلے سرجیکل اسٹرائیک کئے گئے اور پھر فضائی حملے ۔ آج ہم نے سرحد پار کے دہشت گردوں کے خلاف جنگ چھیڑ دی ہیں ۔ مودی نے ایس پی ۔ بی ایس پی پر تنقید کرتے ہوئے انہیں مہاملاوٹی قرار دیا اور کانگریس پر بھی نکتہ چینی کی کہ اس نے جانبازوں کی ہمت پر سوال اٹھائے ہیں ۔ وہ جو مقامی غنڈوں پر بھی قابو نہیں پاسکے وہ کس طرح دہشت گردی پر قابو پانے میںکامیاب ہوں گے ۔ قبل ازیں بکسر (بہار) میں مودی نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس اور آر جے ڈی کو اگر اقتدار سونپا گیا تو وہ 21ویں صدی کے ہندوستان کو تاریکی میں ڈال دیں گے ۔ انتخابی ریالی سے خطاب میں مودی نے دعویٰ کیا کہ صرف بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے مخلوط ہی قوم کو روشنی کی طرف لے جاسکتا ہے ۔’ سب کا ساتھ سب کا وکاس‘ہمارا نعرہ ہے اور ہم تمام کیلئے سلامتی اور احترام کو یقینی بنائیں گے ۔ دوسری طرف مہاملاوٹی لوگ سوچتے ہیں کہ بعض ذاتیں اُن پر بوجھ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو 23مئی کو منہ توڑ جواب مل جائے گا ۔