اگنی پتھ‘ فوج اور نوجوانوں کی بے عزتی ہے: راہول

   

نئی دہلی : کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے فوج میں بھرتی کے قلیل مدتی منصوبہ ’اگنی پتھ‘ کو فوج اور ملک کی حفاظت کا خواب دیکھنے والے نوجوانوں کی بے عزتی قرار دیتے ہوئے منگل کے روز کہا کہ مرکز میں انڈیا اتحاد کی حکومت بننے کے ساتھ ہی اس منصوبہ کو فوری اثر سے منسوخ کر دیا جائے گا۔قابل ذکر ہے کہ کانگریس نے اپنے انتخابی منشور میں بھی اگنی پتھ منصوبہ کو ختم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ آج اس سلسلے میں راہول گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ اگنی پتھ منصوبہ ہندوستانی فوج اور ملک کی حفاظت کرنے کا خواب دیکھنے والے بہادر نوجوانوں کی بے عزتی ہے۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ یہ منصوبہ ہندوستانی فوج کے ذریعہ نہیں بنایا گیا ہے بلکہ وزیر اعظم نریندر مودی کے دفتر میں تیار کیا گیا ہے جسے فوج پر تھوپ دیا گیا ہے۔راہول گاندھی کا کہنا ہے کہ شہیدوں کے ساتھ دو طرح کا سلوک نہیں کیا جا سکتا۔ ہر شخص جو ملک کے لیے جان کی قربانی دیتا ہے اسے شہید کا درجہ ملنا چاہیے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ’’اپوزیشن اتحاد انڈیا کی حکومت بنتے ہی ہم اس منصوبہ کو فوراً رد کر کے پرانے مستقل بھرتی کے عمل کو پھر سے نافذ کریں گے۔