ایرانی تیل کی ترسیل خودمختاری کے خلاف : لبنان

   

بیروت: لبنان کے وزیر اعظم نجیب میقاتی نے حزب اللہ کے ذریعے ملک میں ایرانی ایندھن کے داخلے پر تبصرہ کرتے ہوئے اسے لبنان کی خود مختاری کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ خیال رہے کہ 3روز قبل شام سے 80 آئل ٹینکر ایرانی تیل لے کرلبنان داخل ہوئے تھے۔ میقاتی نے اپنے انٹرویو میں کہا مجھے لبنان کی خودمختاری کی خلاف ورزی پر دکھ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے حزب اللہ پر پابندیوں کا کوئی خوف نہیں ہے ، کیوں کہ اس نے حکومت کو بتائے بغیر دوسرے ملک سے ایندھن حاصل کیا۔ اس سے خودمختاری کی خلاف ورزی ہوئی اور ملکی وقار مجروح ہوا۔ دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن کے اسسٹنٹ سیکریٹری آف اسٹیٹ کے عہدے دار باربرا لیف نے کہا ہے کہ ایرانی ڈیزل ٹینک صرف حزب اللہ کی چال تھی جس کا مقصد عوام میں اپنی ساکھ کو بہتر بنانا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی ایندھن لبنانی عوام کے مسائل حل نہیں کرے گا اور نہ ہی توانائی اور معیشت جیسے بڑے مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ خارجہ اس وقت امریکی قوانین اور پابندیوں کی پالیسی کے فریم ورک کا بغور مطالعہ کر رہا ہے۔ یاد رہے کہ جمعرات کے روز 80 آئل ٹینکر شام سے لبنان داخل ہوئے تھے۔