ایرانی حملہ کا بھرپور جواب دینے اسرائیل کی دھمکی

,

   

ایران کو نقصان پہنچانے کی دھمکی پرصدر ابراہیم رئیسی کا اسرائیل کو سخت انتباہ

تل ابیب : اسرائیلی فوج کے ترجمان نے دھمکی دی ہیکہ ایرانی حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج ایرانی حملوں کے جواب کی نوعیت اور وقت سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کرسکی جبکہ وزیراعظم نتن یاہو ایران کے پہلے براہ راست حملے پر کیا ردعمل دیں اس سے متعلق بھی اب تک حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا۔ دوسری جانب ایرانی حملوں کے بعد مشرق وسطیٰ میں بڑھتے تنازعات کے خدشات کے درمیان عالمی برادری ایران اور اسرائیل کو تحمل اور پرسکون رہنے کا مشورہ دے رہی ہے۔ اسرائیل کے ملٹری چیف آف اسٹاف ہرزی حلوی نے اس بات کی تصدیق کی کہ اسرائیل پر ایرانی حملے کا بھرپور جواب دے گا۔اسرائیلی جنگی کابینہ میں ایران کے خلاف فیصلہ کیا گیا کہ ایران کو نقصان پہنچانا ہے مگر جنگ نہیں کرنی۔اسرائیل کی جنگی کابینہ کا 24 گھنٹوں میں دوسری مرتبہ اجلاس بلایا گیا تھا۔ مقامی میڈیا کے مطابق کابینہ ایرانی حملہ کا جواب دینے سے متعلق اختلافات کاشکار ہے۔اسرائیل میں موجودہ صورتحال ہائی الرٹ ہے تاہم حکام نے ہنگامی اقدامات میں نرمی کردی ہے جس میں اسکول سرگرمیوں کی پابندیوں کو ہٹا دیا اور بڑے اجتماعات کی پابندیوں پر بھی نرمی کردی ہے۔ایران کے اسرائیل پر تقریباً 300 ڈرون اور میزائل حملے داغے جانے کے بعد امریکی صدر بائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو سے ٹیلی فونک رابطے کے دوران واضح کردیا تھا کہ امریکہ ایران پر جارحانہ آپریشن میں ساتھ نہیں دے گا۔دوسری طرف ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے باضابطہ اعلان کیا ہیکہ اگر اسرائیل نے ایران کو نقصان پہنچایا تو فوری سخت اور وسیع پیمانے پر سنگین ردعمل ہوگا اور اس کیلئے وہ مزید 12 دن انتظار نہیں کریں گے۔ اس سے قبل اسرائیلی جنگی کابینہ نے فیصلہ کیا تھا کہ 13 اپریل کے حملے کے جواب میں وہ ایران کو نقصان پہنچائیں گے مگر جنگ نہیں کریں گے تاہم اسرائیلی فوج ایرانی حملوں کے جواب کی نوعیت اور وقت سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کرسکی۔ قطر کے رہنما سے فون پر بات کرتے ہوئے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے ایران کے اسرائیل پر فضائی حملے کو کامیاب قرار دیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر مستقبل میں اس کے مفادات کو مزید خطرات لاحق ہوئے تو ایران اس سے بھی زیادہ سخت حملہ کرے گا۔ایرانی صدر نے کہا اب ہم واضح طور پر اعلان کرتے ہیں کہ ایران کے خلاف چھوٹی سے چھوٹی کارروائی بھی برداشت نہیں کریں گے اگر ایسا ہوا تو ہمارا سخت، وسیع اور سنگین ردعمل ہوگا۔ ایران کے نائب وزیر خارجہ علی باقری نے سرکاری ٹی وی پر کہا کہ اگر اسرائیل نے جوابی کارروائی کی تو ایران کی جانب سے فوری جواب دیا جائے گا۔ ایران کے فوجی ترجمان پہلے ہی یہ کہہ چکے ہیں کہ اگر ایران پر کسی نے حملہ کیا تو اس کے ہاتھ کاٹ دیں گے۔