ایرانی ٹیم لاس اینجلس پہنچے گی، نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا مقابلہ

   

تہران،10جون (یو این آئی) ایرانی فٹبال فیڈریشن نے اعلان کیا ہے کہ انکی قومی ٹیم اپنے پہلے ورلڈکپ گروپ میچ سے ایک روز قبل میکسیکو سے لاس اینجلس پہنچے گی، جہاں وہ نیوزی لینڈ کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔ ایرانی ٹیم ٹورنمنٹ کے دوران میکسیکو کے شہر تیخوانا میں قیام کرے گی جبکہ وہ اپنے گروپ اسٹیج کے تینوں میچز امریکہ میں کھیلے گی، جہاں اس کا سامنا 15 جون کو نیوزی لینڈ، 21 جون کو بیلجیئم اور26 جون کو سیئٹل میں مصر سے ہوگا۔ امریکہ، میکسیکو اورکینیڈا کی مشترکہ میزبانی میں جمعرات کو شروع ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2026 سے قبل ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث انتظامیہ اور مینجمنٹ کے 15اراکین کو امریکی ویزے جاری نہیں کیے گئے ، جس کی وجہ سے یہ تنازعہ شدت اختیارکرگیا ہے ۔ دوسری جانب ایرانی وزیرکھیل احمد دنیامالی نے سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اسٹیڈیم میں اسلامی جمہوریہ ایران کے علاوہ کوئی اور جھنڈا یا علامت دکھائی گئی، یا قانون شکن نعرے بازی ہوئی، تو ٹیم آفیشل میچ رکوا دیں گے کیونکہ فیفا قوانین کے تحت میچز میں سیاسی علامتوں کی سخت ممانعت ہے اور اس مسئلے کا حل نکالنا منتظمین کی ذمہ داری ہوگی۔ واضح رہے کہ فیفا کے قوانین کے تحت ورلڈکپ مقابلوں میں سیاسی نعروں اور سیاسی علامات کی نمائش منع ہے ۔ایرانی فٹبال فیڈریشن کے ترجمان امیر مہدی علوی نے کہا کہ ٹیم فیفا کے شیڈول کے مطابق چارٹرڈ پروازکے ذریعہ امریکہ جائے گی اور پہلے میچ سے ایک دن قبل میزبان شہر پہنچے گی، جبکہ اگلے 2 میچوں کے لیے ٹیم2 روز پہلے متعلقہ شہروں میں موجود ہوگی۔