ایران پر بمباری کی کھلی دھمکی عالمی امن و سلامتی کی توہین کے مترادف
تہران: ایرانی پاسداران انقلاب کے گارڈ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکی کے بعد امریکہ کو وارننگ دے دی۔ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایران پر بمباری کی دھمکی کے بعد ایرانی وزارت خارجہ اور پاسداران انقلاب کے گارڈ کے کمانڈر امیر علی حاجی زادہ کا ردعمل آگیا۔ ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران پر بمباری کی کھلی دھمکی عالمی امن و سلامتی کی توہین ہے ۔ ایران کا کہنا ہے کہ تشدد خود تشدد اور امن خود امن کو جنم دیتا ہے ، راستہ اور نتائج امریکا خود منتخب کرسکتا ہے ۔ دوسری جانب ایرانی کمانڈر کا کہنا ہے کہ خطے میں امریکہ کے 10 فوجی اڈے اور 50 ہزار فوجی موجود ہیں، امریکہ کو شیشے کے گھر میں رہ کر دوسروں پر پتھر نہیں پھینکنے چاہئیں۔ واضح رہے کہ ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ اگر تہران واشنگٹن کے ساتھ معاہدہ نہیں کرتا ہے تو وہ بم دھماکوں اور ثانوی محصولات عائد کریں گے ۔ پیزشکیان نے اتوار کو تہران میں کابینہ کے اجلاس کے دوران کہا کہ ہم نے عمان کے ذریعے امریکی صدر کے خط کا جواب دیا اور براہ راست مذاکرات کے آپشن کو مسترد کر دیا لیکن ہم بالواسطہ مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔