ایران معاہدہ کیلئے بھیک مانگ رہا ہے : امریکی وزیر خارجہ

   

منیلا : 23جولائی ( ایجنسیز ) امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر تہران مذاکرات اور معاہدے کے لیے سنجیدہ نہیں ہوتا تو اسے اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے متعدد بار رابطہ کیا ہے اور وہ معاہدے کیلئے بھیک مانگ رہا ہے۔ امریکہ سفارت کاری کا دروازہ بند نہیں کرنا چاہتا، تاہم ایران کو اپنی موجودہ پالیسی تبدیل کرنا ہوگی۔فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں آسیان اجلاس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ امریکہ اب بھی ایران کے ساتھ بات چیت اور سفارتی حل کے لیے تیار ہے، لیکن تہران کے اقدامات سے ایسا نہیں لگتا کہ وہ کسی معاہدے کے لیے سنجیدہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران ہر رات اپنی کارروائیوں کی وجہ سے بڑھتی ہوئی قیمت ادا کر رہا ہے اور یہ صورتحال اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک ایران اپنے رویے میں تبدیلی نہیں لاتا۔ ان کے مطابق اگر ایران واقعی مذاکرات چاہتا ہے تو امریکہ بھی بات چیت کے لیے تیار ہے، لیکن اگر ایسا نہیں ہوا تو واشنگٹن اپنے مفادات اور اپنے اتحادیوں کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرے گا۔مارکو روبیو نے ایران پر الزام عائد کیا کہ وہ عالمی بحری جہاز رانی میں رکاوٹیں پیدا کر رہا ہے اور آبنائے ہرمز میں جہازوں پر حملے یا ان کی نقل و حرکت محدود کرنے کی کوششیں ناقابل قبول ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایران عالمی بحری تجارت کو نشانہ بناتا رہا تو اسے اس کی بھاری قیمت چکانا ہوگی۔