ایران میں مقامی تہوار کے دوران 14 ہلاک

   

تہران : ایران میں فارسی کیلنڈر کے مطابق سال کے آخری چہار شنبہ سوری کی تقریبات کے دوران پیش آئے حادثات میں 14 افراد جاں بحق اور 3,253 زخمی ہوگئے۔مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق ملک بھر میں 20 فروری سے جاری تیاریوں کے بعد 12 مارچ سے شروع ہونے والی تقریبات میں 14 افراد اپنی جانوں سے گئے اور 3 ہزار 253 افراد زخمی ہوگئے۔ بتایا گیا ہے زخمیوں میں سے 189 معذور ہو گئے ہیں اور 981 مختلف سطح پر آگ سے جل گئے۔ دارالحکومت تہران میں شام کے وقت شروع ہونے والی تقریبات میں آتش بازی کی گئی ، پھلجڑیاں اورپٹاخے چلائے گئے۔شہر میں آتش بازی کی وجہ سے آسمان پر دھویں کے بادل چھا گئے۔ تقریباً ہر گلی اور چوک میں ہونیو الی آتش بازی اور پٹاخوں کی وجہ سے بارود کی بو اٹھتی رہی۔کچھ پارکوں میں جمع ہونے والے لوگوں نے آتش بازی شو دیکھنے کو ترجیح دی، جب کہ تہران کے کچھ لوگوں نے اپنی جلائی ہوئی آگ سے پھلانگنے کو ترجیح دی۔شہر کے ہر گوشے سے رات گئے تک پٹاخوں کی آوازیں سنائی دیتی رہیں۔ایران میں فارسی سال یعنی نو روز 21 مارچ سے شروع ہوتا ہے۔