ایران کا حلیفوںکو کشیدگی نہ پھیلانے کا مشورہ

   

تہران : ایران نے مشرق وسطی کے مختلف حصوں میں اپنے حلیفوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہائی الرٹ رہیں اور امریکا کے ساتھ کشیدگی سے اجتناب برتیں۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو اپنی مدت کے آخری ہفتوں میں حملوں کا کوئی سبب نہ مل سکے۔ یہ بات عراقی ذمہ داران نے ایسوسی ایٹڈ پریس نیوز ایجنسی کو بتائی۔مذکورہ مطالبہ ایرانی پاسداران انقلاب کی القدس فورس کے کمانڈر کی جانب سے بغداد میں ایک اجلاس کے دوران سامنے آیا۔یاد رہے کہ ٹرمپ کی مدت صدارت میں واشنگٹن اور تہران کے درمیان تناؤ میں اضافہ ہوا۔ یہ کشیدگی اس وقت اپنے عروج پر پہنچ گئی جب رواں سال جنوری میں بغداد کے ہوائی اڈے کے باہر ایرانی پاسداران انقلاب کی القدس فورس کے کمانڈر قاسم سلیمانی کو ایک امریکی فضائی حملے میں ہلاک کر دیا گیا۔ جواب میں ایران نے عراق میں امریکی فوجیوں کے خلاف میزائل حملہ کیا۔ اس کارروائی میںمتعددامریکی فوجی زخمی ہو گئے۔ٹرمپ نے عالمی طاقتوں کے ساتھ طے پانے والے ایرانی جوہری معاہدے سے مئی 2018ء میں یک طرفہ علحدگی کر لی تھی۔