ایران کی چالیس روزہ جنگ سے نئی تاریخ رقم

   

ہندوستان کی خارجی پالیسی پر تنقید ، غزہ میں قتل عام دنیا کا سب سے بڑا جرم ، مختلف شخصیتوں کا خطاب
حیدرآباد۔12اپریل(سیاست نیوز) کسی ملک کی تہذیب کومٹادینا اتنا آسان نہیںجتنا امریکہ سمجھ رہا تھا۔ ایران نے چالیس روزہ جنگ میں ایک نئی تاریخ رقم کی ہے ۔ ایران کی مزاحمت نے مظلوم قوموں کے لئے اس جنگ نے زندگی او رخودمختاری کا ایک نیا باب دیاہے۔ آج امریکہ عالمی منظر پر یکا وتنہا کھڑا ہوا ہے جبکہ ناٹو ممالک بھی امریکہ کا ساتھ دینے کے لئے تیار نہیںہیں۔ ساری دنیاامریکہ اوراسرائیل کے تسلط سے چھٹکارہ پانے کی کوششیں کررہا ہے اور ایسے میںایران نے انہیں ایک راہ دیکھائی ہے ۔ اسلام آباد مذاکرات کامیاب ہوں گے یاناکام ہوں گے اس سے کوئی فرق نہیںپڑتا مگر ایران نے خطے میںاپنے موجودگی کے احساس کو اور بڑھادیاہے۔آج ساری دنیا اسرائیل کے غاصبانہ منصوبے کے نہ صرف خلاف ہے بلکہ اس سے بیزار بھی ہے۔ہندوستان کی خارجی پالیسی کی ناکامی کانتیجہ آج سارا ملک بھگت رہا ہے ۔ تحریک مسلم شبان کے دفتر میںایران جنگ کے تناظر میںعالم اسلام کے خلاف یہودی سازشیں‘‘ کے عنوان پر منعقدہ ایک اجلاس سے مختلف مکاتب فکر کے علمائوں ‘ دانشواروں‘ اور سیاست دانوں نے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔اجلاس کی صدرات صدر تحریک مسلم شبان نے کی جبکہ مولانا تقی رضا عابدی‘مولانا سیدطارق قادری ‘ مفتی ندیم ( کریم نگر)‘ سید عزیز پاشاہ ( سی پی آئی )‘ صحافی محمد مبشر الدین خرم ‘راشد خان کانگریس سکریٹری‘ مجاہد ہاشمی‘سید جعفر حسین‘ ایس اے منان‘ڈاکٹر توفیق ‘مولانا اشرف شرفی‘کے علاوہ دیگر نے خطاب کرتے ہوئے ایران کی بھر پور تائید وحمایت کا اعلان کیا۔ اپنے صدراتی خطاب میںمحمد مشتاق ملک نے کہاکہ دنیا کا سب سے بڑا جرم غزہ میں ہزاروں لوگوں کا قتل کردینا‘ غزہ کو تباہ وبرباد کردینا او رمعصوم بچوں کو کھانے او رپانی کے لئے روتا بلکتا چھوڑدینا اور غزہ کو ایک کھلی جیل میںتبدیل کردینا ہے۔مشتاق ملک نے اسرائیلی پارلیمنٹ کی جانب سے فلسطینیوں کو نوے دنوں کے اندر سزائے موت دینے کے قانون پر بھی سخت برہمی کا اظہار کیا۔انہوں نے غزہ کی صورتحال اورفلسطینیوں کے خلاف بنائے جانے والے قوانین پر مسلم حکمرانوں کی خاموشی کوقابل افسوس بھی قراردیا۔انہوں نے کہاکہ ایران عرب ممالک پر نہیںبلکہ جوابی کاروائی میں عرب ممالک پر موجود امریکی ٹھکانوں کو نشانہ بنارہا ہے ۔ عزیز پاشاہ نے کہاکہ امریکہ اپنے مفادات کو پورا کرنے کیلئے مسلم ممالک میںپھوٹ ڈالنے کاکام کررہا ہے تاکہ خطے میں اسرائیل کے لئے کوئی چیالنج باقی نہیں رہے۔مولانا تقی رضا عابدی نے کہاکہ اگر ترکی پاکستان او رمصر ملک کر فلسطینیوں کے لئے سرحدیں کھول دیتے تو فلسطینیوں کے حالات کچھ او رہی ہوتے ۔ انہو ںنے کہاکہ ایران کی مخالفت کرنے والے مسلم ممالک اگر آج ایران کے ساتھ کھڑے ہوتے تو خطے کے حالات بھی کچھ او رہی ہوتے تھے۔دیگر شرکاء نے بھی ایران کی بھر پور تائید وحمایت کااعلان کیا۔M/Y