منیجنگ ڈائرکٹر میٹرو ریل این وی ایس ریڈی کا انجینئرس کے ساتھ روٹ کا معائنہ
حیدرآباد ۔ 18 فبروری (سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو ریل کے منیجنگ ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی نے رائے درگم اسٹیشن اور نانک رام گوڑہ جنکشن کو ایک اہم اور مشکل ترین راستہ قرار دیا ہے۔ اس روٹ پر ایک بہترین انجینئرنگ حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ 21 میٹر کی بلندی پر مائینڈ اسپیس جنکشن کو عبور کرنا ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔ میٹرو کے ایم ڈی نے آج انجینئرس کے ساتھ شمس آباد میٹرو روٹ کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مائینڈ اسپیس جنکشن میں ایک انڈرپاس، درمیان میں ایک روٹری اور اوپر ایک فلائی اوور ہے۔ تینوں رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے ایک خصوصی اسپاٹ تعمیر کیا جائے گا۔ ایرپورٹ میٹرو پلرس اور فلائی اوور پلرس کو دور تعمیر کئے جائیں گے۔ واضح رہیکہ میٹرو ریل کے دوسرے مرحلہ کی تعمیرات کا چیف منسٹر نے مائینڈ اسپیس کے پاس سنگ بنیاد رکھا تھا۔ 31 کیلو میٹر تک دوسرے مرحلہ کے میٹرو ریل کی منصوبہ بندی تیار کی گئی ہے۔ رائے درگم میٹرو اسٹیشن سے 0.9 کیلو میٹر کے فاصلہ پر ایرپورٹ ٹرمنل تعمیر کیا جائے گا۔ ایرپورٹ کے میٹرو اسٹیشن کلوزڈ سرکٹ پر مشتمل ہوں گی۔ شمس آباد ایرپورٹ پر کارگو لائن اور مسافرین کیلئے دو الگ الگ اسٹیشن 6 بوگیوں کو ٹھہرنے کی گنجائش کے ساتھ تعمیر کی جارہی ہیں۔ن