حیدرآباد 15 جنوری (سیاست نیوز) ایرپورٹ میٹرو ریل کے کاموں کیلئے گراؤنڈنگ میں تیزی لانے کے لئے متعدد ماقبل تعمیر سرگرمیوں کو متوازی طریقہ کار کے انداز میں شروع کیا گیا ہے اور انھیں تیزی کے ساتھ انجام دیا جارہا ہے۔ این وی ایس ریڈی، منیجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد ایرپورٹ میٹرو لمیٹیڈ نے کل یہاں یہ بات کہی۔ جنرل کنسلٹنٹ (جی سی) کے لئے بڈس داخل کرنے کی آخری تاریخ 20 جنوری ہے جبکہ میٹرو روٹ اور اسٹیشن مقامات کے تعین کے سلسلہ میں متوازی سروے کا کام ہورہا ہے۔ ماہر انجینئرنگ کنسلٹنٹ آئندہ ماہ کے اوائل تک اس کام میں سرگرم ہوجائیں گے۔ سروے کا یہ کام سیٹلائٹ پر مبنی ڈیفرنشیل گلوبل پوزیشننگ سسٹم اور الیکٹرانک ٹوٹل اسٹیشن دونوں کا استعمال کرتے ہوئے کیا جارہا ہے۔ مسٹر ریڈی نے کہاکہ اس سروے میں اب تک شمس آباد ٹاؤن کے قریب فورٹ گرانڈ انڈر پاس تک 21 کیلو میٹر کا احاطہ کیا گیا ہے اور یہ اس ماہ کے اختتام تک مکمل ہوگا۔ اس کے بعد روٹ کی پیگ مارکنگ شروع ہوگی۔ ڈی پی آر نے اسٹیشن مقامات کی نشاندہی کے لئے ایک ٹپیکل ریلوے انجینئرنگ طریقہ کو اختیار کیا ہے جبکہ گزشتہ چند برسوں میں نانک رام گوڑہ، فینانشیل ڈسٹرکٹ، کوکاپیٹ، نارسنگی، راجندر نگر اور شمس آباد علاقوں میں بڑی تعداد میں کمرشل اور رہائشی عمارتوں کی تعمیرات ہوئی ہیں اسے اور شہر کے اس حصہ اور اس کے مضافات کو ترقی دینے ایچ ایم ڈی اے کے ماسٹر پلان کو ملحوظ رکھتے ہوئے اسٹیشن مقامات کے تعین کے لئے ایک اختراعی انداز اپنایا جارہا ہے۔ این وی ایس ریڈی نے کہاکہ یہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کے ویژن کے مطابق ہے کہ شہر کو اس کے نواح میں بڑھاتے ہوئے وسعت دی جائے اور گھر سے کام کے مقام کو آدھے گھنٹہ کی مسافت پر پہونچنے کے لئے قابل گنجائش امکنہ سہولت فراہم کی جائے۔