ایر مارشل چلپتی ایر فورس اکیڈیمی کے نئے کمانڈنٹ

   

نئے سربراہ نے پیشرو سے نئی ذمہ داریوں کا جائزہ حاصل کرلیا
حیدرآباد۔/16 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ایر چیف مارشل جے چلپتی نے ایر فورس اکیڈیمی کے کمانڈنٹ کی حیثیت سے 14 اکٹوبر پیر کو ایر مارشل اے ایس برٹولا سے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا۔ باوقار نیشنل ڈیفنس اکیڈیمی کھڑک واسلاسے فارغ التحصیل ایر چیف مارشل جے چلپتی نے 22 ڈسمبر 1983 کو انڈین ایر فورس کے شعبہ پرواز سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ ایر مارشل چلپتی جو ایک اعلیٰ مہارت و صلاحیت کے حامل انسٹرکٹر اور تجربہ کار ٹسٹ پائیلٹ ہیں 3300 گھنٹوں کی پروازیں مکمل کرچکے ہیں علاوہ ازیں مختلف اقسام کے لڑاکا، ٹرانسپورٹ طیارے اور ہیلی کاپٹرس کی تجرباتی پروازیں کرچکے ہیں۔ وہ بنگلہ دیش ڈیفنس کالج سے کورس کی تکمیل کے علاوہ کنگس کالج ملٹری اسٹڈیز میں ماسٹرس ڈگری بھی حاصل کرچکے ہیں۔ انہیںاعلیٰ درجہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور ممتاز خدمات کیلئے وشسٹ سیوا میڈل صدارتی اعزاز دیا جاچکا ہے۔وہ انڈین ایر فورس کے مختلف شعبوں میں خدمات کی انجام دہی کے ذریعہ صلاحیتوں کا بہترین مظاہرہ کرچکے ہیں۔