ایس آئی آر اور دیگر فیصلے اتفاق رائے سے کئے گئے ‘ الیکشن کمیشن کی وضاحت

   

تینوں الیکشن کمشران کا اجلاس ۔ نئے ووٹرس کے اندراج اور ECINET کے تعلق سے بھی وضاحت پیش کی گئی

نئی دہلی 26 ستمبر ( ایجنسیز ) الیکشن کمیشن کا آج ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں کہا جا رہا ہے کہ تینوں الیکشن کمشنران نے شرکت کی ۔ اس اجلاس کے ذریعہ کمیشن نے داخلی اختلافات کی اطلاعات کو مسترد کرنے کی کوشش کی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ کمیشن کے کام کاج پر جو سوالات سامنے آئے ہیں ان کا جواب بھی دیا گیا ہے ۔ کمیشن نے کہا کہ ایس آئی آر کے بشمول تمام فیصلے مکمل کمیشن کی جانب سے اتفاق رائے کے ذریعہ لئے گئے ہیں ۔ کمیشن سے جاری پریس ریلیز میں SIR، نئے ووٹروں کے اندراج، انتخابی فہرستوں اور کمیشن کے اندرونی کام کاج سے متعلق کئی فیصلوں اور وضاحتوں کی تفصیلات سامنے رکھی گئیں۔تینوں انتخابی کمشنرز کی یہ ملاقات ایسے وقت ہوئی جب ایک میڈیا رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ سکھبیر سنگھ سندھو اور وویک جوشی نے SIR سے متعلق بعض فیصلوں اور احکامات پر متعدد مواقع پر اعتراضات کئے تھے۔ کمیشن نے اپنی وضاحت میں کہا کہ SIR سے متعلق اہم فیصلے مکمل کمیشن کی متفقہ منظوری سے کیے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق 24 جون 2025 کو مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں SIR شروع کرنے سے متعلق حکم بھی مکمل کمیشن کی متفقہ منظوری کے بعد جاری کیا گیا تھا۔ اس کے بعد SIR کے جاری کیے گئے ۔ شیڈول بھی کمیشن کی متفقہ منظوری سے جاری ہوئے۔ نئے ووٹروں کے اندراج کیلئے Form 6 سے متعلق سوالات پر کمیشن نے اپنا موقف پیش کیا۔ SIR کے دوران فارم کے ساتھ منسلک اعلامیہ میں نئے ووٹرز سے سابقہ SIR میں والدین کے نام کے ذریعے ریکارڈ سے مطابقت پیدا کرنے سے متعلق معلومات طلب کیے جانے پر سوالات اٹھائے گئے تھے۔ کمیشن نے کہا کہ SIR کے دوران اس اعلامیہ کو برقرار رکھا گیا ہے اور سپریم کورٹ نے بھی اسے برقرار رکھا تھا۔ تاہم SIR کی مدت کے علاوہ نئے ووٹرز کے اندراج کیلئے متعلقہ قوانین کے تحت مقررہ فارم استعمال کیے جائیں گے۔ECINET کے حوالے سے بھی کمیشن نے اہم فیصلہ کیا۔ کمیشن نے وضاحت کی کہ فیلڈ افسران کو ان کے قانونی اختیارات کے مطابق رول بیسڈ رسائی حاصل ہے۔ ساتھ ہی ECINET کے کام کاج کا جائزہ لینے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، جس کی سربراہی سینئر ڈپٹی الیکشن کمشنر کریں گے۔