میناکشی نٹراجن کی ہدایت، حقیقی ناموں کی برقراری کی مساعی
حیدرآباد۔ 26 اپریل (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے تلنگانہ میں فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظر ثانی مہم کے لئے بوتھ سطح پر کارکنوں کو متحرک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تلنگانہ انچارج میناکشی نٹراجن اور صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے سینئر قائدین کے ساتھ اجلاس میں بوتھ سطح پر کانگریس کی جانب سے ایجنٹس کے تقرر کا فیصلہ کیا گیا۔ ریاست کی تمام 119 اسمبلی حلقہ جات میں بوتھ سطح پر کانگریس کے ایجنٹس کا تقرر کرتے ہوئے عوام کی رہنمائی کی جائے گی۔ پارٹی ہائی کمان نے دیگر ریاستوں میں ایس آئی آر مہم کے دوران بڑے پیمانے پر ناموں کو حذف کرنے کی مہم کے پیش نظر تلنگانہ میں قائدین کو چوکسی کا مشورہ دیا ہے۔ میناکشی نٹراجن نے ضلع کانگریس کمیٹیوں کو ہدایت دی کہ ہر پولنگ بوتھ کے لئے کم از کم دو ایجنٹس مقرر کئے جائیں جو ناموں کی شناخت میں تعاون کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کانگریس کے حامیوں کے نام فہرست سے حذف نہ ہوں۔ لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی نے ایس آئی آر مہم کے سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اندرون ایک ہفتہ تلنگانہ میں بوتھ سطح پر کانگریس کے ایجنٹس کے تقرر کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔ جن کارکنوں کا انتخاب کیا گیا ہے انہیں الیکشن کمیشن کے قواعد اور ایس آئی آر مہم کے طریقہ کار کی ٹریننگ دی جائے گی۔ چیف الیکٹورل آفیس سدرشن ریڈی نے مسلمہ سیاسی پارٹیوں سے خواہش کی ہے کہ ہر پولنگ اسٹیشن کے لئے کم از کم ایک ایجنٹ کا تقرر کریں تاکہ ایس آئی آر کے کام میں سہولت ہو۔ کانگریس کارکن ایس آئی آر مہم میں فارمس کی خانہ پوری اور انہیں حکام کے حوالے کرنے کے معاملہ میں عوام کی رہنمائی کریں گے۔ پارٹی اس بات کو یقینی بنائے گی کہ شہری اور دیہی علاقوں میں حقیقی نام حذف نہ ہونے پائیں۔ 1؍F