ایس آر نگر قاتلانہ حملے کے ملزمین گرفتار

   

6 افراد کے بشمول دو خواتین جیل منتقل ، ڈی سی پی اے آر سرینواس کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ 9 جون (سیاست نیوز) شادی شدہ جوڑے پر دن دھاڑے قاتلانہ حملہ کرنے والے 6 افراد کو پولیس ایس آر نگرنے گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ویسٹ زون اے آر سرینواس نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بورا بنڈہ کے ساکن سیدہ زینب فاطمہ عیدالفطر کے دن اپنے قریبی رشتہ دار شیخ امتیاز علی متوطن سداشیو پیٹ ضلع سنگاریڈی کے ساتھ روانہ ہوکر دوسرے دن اس نے وہاں شادی کرلی۔ لڑکی کی اچانک گمشدگی پر لڑکی کے والدین اور بھائیوں نے پولیس ایس آر نگر میں گمشدگی کی شکایت درج کروائی تھی جس پر پولیس نے کارروائی شروع کی تھی۔ اسی دوران شیخ امتیاز علی نے زینب فاطمہ سے شادی کرنے کے بعد سنگاریڈی پولیس اسٹیشن کو اس سلسلے میں پسند کی شادی کی اطلاع دی جبکہ پولیس ایس آر نگر نے بھی لڑکی کی تلاش شروع کردی تھی۔ سنگاریڈی پولیس نے مقامی پولیس کو دونوں کی شادی کی اطلاع دی جس پر ایس آر نگر پولیس نے خاتون کانسٹیبل کے ذریعہ زینب فاطمہ کو اس کے والدین کی جانب سے شادی پر رضامندی ظاہر کرنے اور اس سلسلے میں ایک تقریب منعقد کرنے کے تیقن پر واپس طلب کیا تھا۔ 7 جون کو امتیاز علی اپنے والدین کے ہمراہ سنگاریڈی سے ایس آر نگر پہونچا تھا جہاں پر دونوں فریقین کی بات چیت ہوئی اور لڑکی کے والدین کو یقین ہوگیا کہ زینب فاطمہ قانونی طور پر بالغ ہے اور امتیاز کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاسکتی۔ تاہم انتقام لینے کی غرض سے لڑکی کے والد محسن علی، بھائی فاروق علی، احمد علی اور دیگر رشتہ داروں نے امتیاز علی کا قتل کرنے کے ارادہ سے دو افراد ربانی اور شکیل کی مدد حاصل کی اور ہتھیاروں کے ساتھ پولیس اسٹیشن کے قریب پہونچ گئے۔ پولیس اسٹیشن سے سنگاریڈی کیلئے امتیاز علی اور اس کے رشتہ دار روانہ ہوئے تھے کہ لڑکی کے بھائی، والد، بہن اور دیگر رشتہ داروں نے اس پر اسے آئی سی آئی سی آئی بینک ایس آر نگر کے روبرو چاقوؤں سے حملہ کیا جس کے نتیجہ میں علاقہ میں سنسنی پھیل گئی تھی۔ حملہ آور امتیاز اور اس کی بیوی زینب فاطمہ کو شدید زخمی کرنے کے بعد وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے لیکن پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔ ڈی سی پی سرینواس نے کہا کہ قاتلانہ حملے کا مقصد زینب فاطمہ کی والدین کے مرضی کے خلاف شیخ امتیاز سے شادی کا نتیجہ ہے ۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ شادی شدہ جوڑے پر حملے میں ملوث 6 افراد بشمول دو خواتین سید فاروق علی، سید محسن علی، سید محمد علی، سید احمد علی، ذاکرہ بیگم اور سید زیبا فاطمہ کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے حملے میں استعمال کئے گئے ہتھیار برآمد کرلیا۔ پولیس نے گرفتار ملزمین کو عدالت میں پیش کیا جہاں سے انہیں جیل منتقل کردیا گیا۔