5 منٹ کی تاخیرسے داخلہ کی اجازت نہیں،5 لاکھ سے زائد امیدواروں کی شرکت
حیدرآباد۔/22مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں دو سال کے وقفہ کے بعد ایس ایس سی امتحانات کا کل 23 مئی سے آغاز ہوگا جو یکم جون تک جاری رہیں گے۔ کورونا کی صورتحال کے سبب گزشتہ دو برسوں میں ایس ایس سی امتحانات منعقد نہیں کئے جاسکے۔ 2020 کی پہلی کورونا لہر میں دو امتحانات کے انعقاد کے بعد امتحانات کو منسوخ کردیا گیا تھا۔ 2021 میں کورونا کی دوسری لہر کے سبب امتحانات منعقد نہیں کئے جاسکے تھے۔ دو سال کے وقفہ کے بعد ہونے والے امتحانات کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ امتحانات صبح 9:30 بجے سے دوپہر 12:45 بجے تک منعقد ہوں گے۔ امتحانی مراکز میں 9:35 بجے کے بعد داخلہ کی اجازت نہیں رہے گی۔ حکام نے 5 منٹ کی تاخیر کو بھی قبول نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امیدواروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ صبح 8:30 بجے سے امتحانی مراکز پہنچنا شروع کردیں۔ ریاست کے 11401 اسکولوں کے 5.09 لاکھ طلبہ امتحانات میں شرکت کریں گے جن میں 258098 لڑکے اور 251177 لڑکیاں شامل ہیں۔ ریگولر امیدواروں کی تعداد 508110 ہے۔ امیدواروں کے ہال ٹکٹ متعلقہ اسکولوں سے جاری کردیئے گئے ہیں اور امیدوار بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کی ویب سائیٹ سے ہال ٹکٹ ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔ ڈائرکٹر امتحانات نے امیدواروں سے کہا ہے کہ وہ امتحان ہال میں سوائے ہال ٹکٹ کے کوئی کاغذ اپنے ساتھ نہ لائیں۔ سیل فون، اسمارٹ فون، اسمارٹ واچس اور کسی بھی الیکٹرانک آلہ کی اجازت نہیں رہے گی۔ گرما کے پیش نظر امتحانی مراکز پر پینے کے پانی اور او آر ایس کے پیاکٹس کا انتظام کیا جائے گا۔ پرچہ جات کے افشاء کو روکنے کیلئے سی سی ٹی وی کیمروں سے نظر رکھی جائے گی۔ ضلع کلکٹرس اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرس امتحانی مراکز کا دورہ کریں گے۔ اس کے علاوہ سیٹنگ اسکواڈز کا انتظام کیا جائے گا۔ کسی بھی مرکز پر نقل نویسی اور اجتماعی نقل نویسی کیلئے ڈی ای او کو ذمہ دار قرار دیا جائے گا۔ حکام نے طلبہ کو نقل نویسی اور کسی بھی طرح کی بے قاعدگی سے بچنے کا مشورہ دیا ہے۔ پرچہ جات کے افشاء میں ملوث افراد کے خلاف فوجداری کارروائی کی جائے گی جس کے تحت 6 ماہ کی جیل کی سزا ہوسکتی ہے۔ اسی دوران آر ٹی سی نے ایس ایس سی امتحانات میں شرکت کرنے والے طلبہ کیلئے مفت بس سفر کی سہولت فراہم کی ہے۔ اسی دوران وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ کسی ذہنی دباؤ کے بغیر امتحانات میں حصہ لیں۔ حکومت کی جانب سے موثر انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہتر مظاہرہ کے ذریعہ اپنے والدین کا نام روشن کریں اور تمام طلبہ کے ساتھ میری نیک تمنائیں وابستہ ہیں۔ ر