ایشز 2019 ء میں اسمتھ ہیرواور وارنز زیرو بن گئے

   

لندن ۔17 ستمبر(سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ اورآسٹریلیا کے درمیان ایشزسیریز 2-2 سے برابری پر ختم ہوئی اور سیریز میں آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ نے بہترین بیٹنگ سے دل جیتے تو ڈیوڈ وارنر کے لیے یہ سیریز ڈراونا خواب بن گئی۔ اوپنر ڈیوڈ وارنر نے ایشز کے تمام 5 ٹسٹ کھیلے اور خراب ترین مظاہروں کا ریکارڈ اپنے نام درج کروا لیا ، وہ 10 اننگز میں صرف 95 رنز ہی بنا سکے۔سیریز میں یہ بات دلچسپ رہی کہ انگلش فاسٹ بولر اسٹورٹ براڈ نے 10 میں سے 7 مرتبہ وارنز کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ دوسری جانب آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ نے صرف 4 ٹسٹ میں 774 رنز بنائے جو تقریبا 25 سال بعد کسی بیٹسمین کی سیریز میں بہترین مظاہرہ ہے، اسمتھ نے سیریز میں دو سنچریاں ، ایک ڈبل سنچری اور تین نصف سنچریاں اسکور کیں۔ ایشز سیریز کے دوران اسٹیو اسمتھ نے کئی ریکارڈ اپنے نام کیے ہیں۔ انہوں نے انگلینڈ کے خلاف مسلسل 10 اننگز میں 50 یا اس سے زائد رنز بناکر پاکستان کے سابق کپتان انضمام الحق کا ریکارڈ بھی توڑا ہے۔ واضح رہے کہ 2018ء میں اس وقت کے آسٹریلیائی قائد اسٹیو اسمتھ نے ساتھی کھلاڑیوں بین کرافٹ اور ڈیوڈ وارنر کے ہمراہ جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹسٹ میچ میں بال ٹمپرنگ کا اعتراف کیا تھا جس کی پاداش میں اسمتھ اور وارنر پر ایک سال کے لیے کرکٹ کے دروازے بند کر دیے گئے تھے۔ پابندی کے خاتمے اور ٹیم میں واپسی کے بعد سے اسمتھ کا بیٹ مسلسل رنز اگل رہا ہے جبکہ وارنر ابھی تک اپنی پرانی فارم کی تلاش میں ہیں حالانکہ ٹسٹ کے برعکس محدود اوورس کی کرکٹ میں وارنر نے شاندار مظاہرہ کیا جس میں آئی پی ایل میں سب سے زیادہ رنز کی دوڑ میں وارنر کا شامل ہونا قابل ذکر ہے۔