ایشین گیمز:ہندوستان نے پہلی بار 100 میڈلز جیتے

   

گولڈ میڈلس کی تعداد 25ہوگئی ،وزیراعظم کی مبارکباد،10اکتوبرکو کھلاڑیوںسے ملاقات کا وعدہ

ہانگزو: ایشیاڈ کی تاریخ میں پہلی بار ہندوستان نے 100 میڈلز جیتے ہیں۔ ہندوستانی خواتین کی کبڈی ٹیم نے فائنل میں چائنیز تائپے کو 26-25 سے ہرا کر گولڈ میڈل جیت کر ہندوستان کے لیے 100 واںمیڈل جیتا۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان کے پاس اب 25 گولڈ میڈل ہو گئے ہیں۔ ایشیائی کھیلوں کے 14ویں دن تیر اندازی کمپاؤنڈ میں ہندوستان کو چار میڈلز ملے۔ ان میں 2 سونے، ایک سلور اور ایک برونز کامیڈل شامل ہے۔ دن کا آغاز تیر اندازی کے کمپاؤنڈ انفرادی ویمن ایونٹ میں دو تمغوں سے ہوا۔ ہفتہ کو، ادیتی گوپی چند سوامی نے کمپاؤنڈ انفرادی خواتین کی تیر اندازی میں ہندوستان کا پہلامیڈل جیتا۔ برونز کے میڈلز کے لیے اس میچ میں ادیتی نے ملائیشیا کی رتیہ فدلی کو 146-140 سے شکست دی۔اس کے ساتھ ہی ہندوستان کو اسی ایونٹ میں دوسرامیڈل بھی ملا۔ اس بار سونے کے مقابلے میں جیوتی سریکھا وینم نے جنوبی کوریا کی سو چایون کو 149-145 سے شکست دی۔ چاون کو سلور پر قناعت کرنی پڑی۔خواتین کے بعد ہندوستان نے مردوں کے مقابلے میں سونے اور سلور کے میڈلز حاصل کیے۔ اوجس پراوین نے سونے کے مقابلے میں ہم وطن ابھیشیک ورما کو 149-147 سے شکست دی۔ ابھیشیک کو صرف سلور سے ہی مطمئن ہونا پڑا۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان نے 100 میڈلز جیتے ہیں۔ اس میں 25 سونا بھی شامل ہے۔ گوانگ زو میں ایشین گیمز جاری ہیں۔وزیر اعظم نریندر مودی 10 اکتوبر کو ایشیائی کھیلوں میں جیتنے والے تمام کھلاڑیوں سے ملاقات کریں گے۔ سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا اور لکھا – ایشیائی کھیلوں میں ہندوستان کی اہم کامیابی! ہندوستانی عوام پرجوش ہیں کہ ہم 100 تمغوں تک پہنچ گئے ہیں۔ میں تمام کھلاڑیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ہر ایک کارکردگی نے تاریخ رقم کی ہے اور ہمارے دلوں کو فخر سے بھر دیا ہے۔ میں 10 اکتوبر کو اپنے ایشیائی کھیلوں کے دستے کی میزبانی کرنے اور اپنے کھلاڑیوں کے ساتھ بات چیت کا منتظر ہوں۔ دیپک پونیا فائنل میں پہنچ گئے ہیں دیپک پونیا 86 کلو گرام وزن کے فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے سیمی فائنل میں ازبکستان کے شاپیو جاورائل کو شکست دی۔ اس سے پہلے انہوں نے جاپان کے شیرائی شوٹا کو شکست دی۔ والی بال: ہندوستانی خواتین کی ٹیم نے ہانگ کانگ کو ہرا دیا۔ والی بال میں ہفتہ کو ہندوستانی خواتین نے ہانگ کانگ کو 9ویں پوزیشن کے لیے کھیلے گئے میچ میں شکست دی۔