امریکی صدر جو بائیڈن کے وکیل کا کہنا ہے کہ ریہوبوتھ، ڈیلاویئر میں واقع بائیڈن کے گھر سے تلاشی کے دوران کوئی خفیہ دستاویزات نہیں ملیں۔بائیڈن کے وکیل باب بائیر کے مطابق امریکی تفتیشی ادارے ایف بی آئی کے ایجنٹس ان کے گھر کے چھاپے میں کچھ مواد اورہاتھ سے لکھے نوٹس جائزے کیلئے ساتھ لے گئے ہیں۔وکیل کا کہنا ہے کہ قبضے میں لی گئی دستاویزات بائیڈن کے نائب صدارت دور کی ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ 3 ماہ کے دوران صدر جو بائیڈن کے دفتراور رہائش گاہ سے خفیہ دستاویزات برآمد ہوئی تھیں اور یہ تلاشی بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔امریکی صدر جو بائیڈن کے وکیل نے بیان میں کہا کہ تلاشی کے لیے صدر کی رضامندی لی گئی تھی جبکہ ایف بی ْآئی نے صدر کے گھر کی تلاشی سے متعلق کوئی تبصرہ نہیں کیا۔سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور سابق نائب صدر مائیک پینس پربھی خفیہ دستاویزات کو پاس رکھنے پر تنقید کی گئی تھی۔