ایل بی نگر میں خاتون پر پولیس حملہ پر ہائی کورٹ کی برہمی

   

تحقیقاتی رپورٹ اور سی سی ٹی وی فوٹیج پیش کرنے کی ہدایت
حیدرآباد۔/22 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے ایل بی نگر میں خاتون پر پولیس حملہ کے واقعہ پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ عدالت نے پولیس کو ہدایت دی کہ تحقیقاتی رپورٹ کے علاوہ سی سی ٹی وی فوٹیج پیش کیا جائے۔ اس سلسلہ میں سکریٹری ہوم، ڈائرکٹر جنرل پولیس، کمشنر پولیس رچہ کنڈہ، ڈی سی پی ایل بی نگر، ونستھلی پورم اے سی پی اور سرکل انسپکٹر ایل بی نگر کو نوٹس جاری کی ہے۔ عدالت نے آئندہ سماعت دو ہفتے بعد مقرر کی ہے۔ واضح رہے کہ خاتون پر حملے کے بارے میں ہائی کورٹ کی جج جسٹس ایس نندا نے چیف جسٹس الوک ارادھے کو مکتوب روانہ کیا۔ چیف جسٹس الوک ارادھے نے اس مکتوب پر ازخود کارروائی کرتے ہوئے سماعت کیلئے قبول کیا۔ واضح رہے کہ ایل بی نگر چوراہے پر 16 اگسٹ کو پولیس نے ایک خاتون پر حملہ کیا۔ چوراہے پر گڑبڑ کرنے کے الزام میں تین خواتین کو پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا۔ اسی دوران ایک خاتون کو لاٹھی سے مار پیٹ کی گئی جس سے وہ زخمی ہوگئی۔ متاثرہ خاتون کے افراد خاندان نے اس معاملہ میں پولیس کے رویہ کو بے نقاب کیا جس کے بعد کمشنر پولیس چوہان نے قصوروار کانسٹبل اور ہیڈ کانسٹبل کو معطل کیا اور سب انسپکٹر کو ہیڈ کوارٹر الاٹ کردیا۔