ایل ٹی ٹی ای پر پابندی میں مزید پانچ سال کی توسیع

   

نئی دہلی، 14 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزارت داخلہ نے ممنوعہ لبریشن آف ٹائیگرس آف تامل ایلم (ایل ٹی ٹی ای ) پر عائد پابندی مزید پانچ سال کے لئے بڑھا دی ہے ۔ یہاں جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ مرکزی حکومت نے غیر قانونی سرگرمیاں روک تھام ایکٹ -1967 کے تحت ایل ٹی ٹی ای کو غیر قانونی تنظیم قرار دیا ہے اور اس پر پابندی مزید پانچ سال کے لئے بڑھا دی گئی ہے ، جو 14 مئی 2019 سے لاگو ہو جائے گی ۔وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت کا خیال ہے کہ ایل ٹی ٹی ای ایک غیر قانونی تنظیم ہے اور تمام ممکنہ اقدامات کے تحت ایسی علیحدگی پسند سرگرمیوں پر قابو پانے کی ضرورت ہے ۔ نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایل ٹی ٹی ای کی مسلسل تشدد امیزسرگرمیاں ملک کی سالمیت اور خودمختاری کے علاوہ شہریوں کے تحفظ کے لئے بھی سنگین خطرہ بنی ہوئی ہیں۔ وزارت داخلہ نے نوٹیفکیشن میں کہا ہے کہ سری لنکا میں مئی 2009 میں اپنی فوجی شکست کے بعد بھی ایل ٹی ٹی ای نے ’ایلم‘ (تملوں کے لئے الگ ریاست) کے تصور کو نہیں چھوڑا ہے اور پروپیگنڈے کی سرگرمیوں کے ساتھ ہی فنڈز جمع کرنے کے کام میں مصروف ہے ۔ اس کے ساتھ ہی ایل ٹی ٹی ای نے اپنے باقی لیڈروں اور بکھرے ہوئے کارکنوں کو دوبارہ منظم کرنے اور مقامی اور بین الاقوامی سطح پر تنظیم کو دوبارہ فعال کرنے کی کوشش شروع کی ہے ۔