ایم ایم ٹی ایس، نہایت کفایتی پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم

   

حیدرآباد 16 اپریل (سیاست نیوز) ایسے وقت جب ٹی ایس آر ٹی سی بسوں میں، اس کے کرایوں میں کئے گئے حالیہ اضافہ کے بعد سفر کرنا مشکل ہوگیا ہے، ایم ایم ٹی ایس حیدرآباد میں عوام کے لئے سفر کے لئے نہایت کفایتی ذریعہ بن گیا ہے۔ 5 روپئے کے اقل ترین اور 15روپئے کے زیادہ سے زیادہ کرایہ کے ساتھ ایم ایم ٹی ایس شہر میں نہایت سستا ٹرانسپورٹیشن (سفر کی سہولت) فراہم کرتا ہے۔ ٹی ایس آر ٹی سی کی بسوں میں اقل ترین کرایہ 10 روپئے ہے اور ہر ٹکٹ پر ٹکٹ کرایوں میں 5 روپئے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ ایم ایم ٹی ایس سے روزانہ سفر کرنے والوں کے لئے سیزن ٹکٹ کی سہولت بھی دستیاب ہے جو دیگر موڈس آف ٹرانسپورٹ کے مقابل بہت کم ہے۔ بکنگ کاؤنٹرس کے علاوہ ایم ایم ٹی ایس ٹکٹس، اے ٹی وی ایمس اور ان ریزروڈ ٹکٹنگ سسٹم (UTS) موبائیل ایپ کے ذریعہ بھی خریدے جاسکتے ہیں۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے مطابق ایم ایم ٹی ایس سرویسس کا آغاز صبح 4.30 بجے ہوتا ہے اور یہ رات دیر تک جاری رہتی ہیں۔ ایم ایم ٹی ایس سرویسس فلک نما تا رامچندرا پورم براہ سکندرآباد، حیدرآباد، بیگم پیٹ، لنگم پلی، تیلاپور، رام چندرا پورم 50 کیلو میٹر کا احاطہ کرتے ہوئے 29 ریلوے اسٹیشنس کا احاطہ کرتی ہیں۔ ایم ایم ٹی ایس سرویسس کے اوقات کو مسافرین کی سہولت اور آسانی کے مطابق رکھا گیا ہے۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے جون 2021 ء سے ایم ایم ٹی ایس سرویسس کو پھر سے بتدریج شروع کیا ہے اور اس کے بعد سے سرویسس کی تعداد میں اضافہ کیا جارہا ہے۔ اب 86 سرویسس چلائی جارہی ہیں جس سے دونوں شہروں میں رہنے والوں کی مضافات میں سفر کرنے کی ضرورت پوری ہورہی ہے۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے جنرل منیجر (انچارج) ارون کمار جین نے مسافرین سے اپیل کی کہ وہ ان کے سفر کو آسان اور سہولت بخش بنانے کے لئے کیش لیس ٹکٹنگ آپشنس اور سیزن ٹکٹس جیسی سہولتوں سے استفادہ کریں۔