چرلہ پلی ریلوے ٹرمنل کا افتتاح کریں گے، صنعت نگر اور مولاعلی ، سکندرآباد تا گھٹکیسر نئی لائنیں
حیدرآباد۔/13 فروری، ( سیاست نیوز) حیدرآباد میں ایم ایم ٹی ایس دوسرے مرحلہ کے کاموں کا مارچ میں آغاز متوقع ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی ایم ایم ٹی ایس مرحلہ دوم صنعت نگر تا مولاعلی اور سکندرآباد تا گھٹکیسر کا مارچ میں آغاز کریں گے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی کے چرلہ پلی ریلوے ٹرمنل کے افتتاح کی دعوت دی گئی ہے۔ وزیر اعظم کے دورہ کے موقع پر ایم ایم ٹی ایس کی دو نئی لائنوں کا آغاز ہوگا۔ صنعت نگر تا مولا علی اور گھٹکیسر تا مولاعلی کاموں کی تکمیل ہوچکی ہے اور صرف ٹرین سرویس کے آغاز کا انتظار ہے۔ طویل عرصہ سے عوام کو ایم ایم ٹی ایس مرحلہ دوم کا انتظار ہے۔ صنعت نگر تا مولاعلی سڑک کے راستہ سفر کی صورت میں ٹریفک کے مسائل کے علاوہ آلودگی سے عوام کو دشواریاں ہیں۔ عوام کو فاصلہ طئے کرنے کیلئے کم از کم ایک گھنٹہ درکار ہے۔ ایم ایم ٹی ایس سرویس کے آغاز کی صورت میں یہ فاصلہ محض 30 منٹ میں طئے ہوپائے گا۔ گھٹکیسر سے شہر کے مختلف علاقوں کو روزانہ ہزاروں افراد بس سے سفر کرتے ہیں اور ایم ایم ٹی ایس سرویس کے آغاز سے انہیں سہولت ہوگی۔ مرحلہ دوم کے تحت مولاعلی تا گھٹکیسر 12 کلو میٹر اور فلک نما تا شمس آباد 20 کلو میٹر کام مکمل ہوچکا ہے۔ اس کے علاوہ بلارم تا میڑچل 14 کلو میٹر اور سکندرآباد تا بلارم 14 کلو میٹر لائن کے کام مکمل ہوچکے ہیں۔ مولاعلی تا سیتا پھل منڈی 10 کلو میٹر لائن بچھانے کا کام جاری ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ صنعت نگر تا مولاعلی 22 کلو میٹر لائن کا کام بھی مکمل ہوچکا ہے۔ ریلویز اور ریاستی حکومت کے درمیان پراجکٹس کے سلسلہ میں معاہدہ کے تحت ایک تہائی اخراجات ریلویز برداشت کرے گا جبکہ دوتہائی بجٹ ریاستی حکومت جاری کرے گی۔ پراجکٹ کی مالیت 816 کروڑ طئے کی گئی ہے جس میں ریلوے کی حصہ داری 272 کروڑ ہے جبکہ ریاستی حکومت 544 کروڑ خرچ کرے گی۔ ریلوے حکام کے مطابق پراجکٹ پر 835 کروڑ کا خرچ ہوا ہے۔ ریاستی حکومت نے 379 کروڑ منظور کئے ہیں۔ ریلوے حکام کے مطابق ایم ایم ٹی ایس مرحلہ دوم سے 2 لاکھ مسافرین کو فائدہ ہوگا۔ ایم ایم ٹی ایس مرحلہ دوم کی 2012 میں منظوری ہوئی تھی جس کے تحت مختلف سیکشن میں 96 کلو میٹر توسیع کی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ تاحال 45.4 کلومیٹر کا کام مکمل ہوچکا ہے۔1