16,620 طلبہ پر مشتمل فہرست ہیلت یونیورسٹی کی جانب سے جاری کی گئی
حیدرآباد۔ 13 ستمبر (سیاست نیوز) کالوجی نارائن راؤ ہیلت یونیورسٹی نے ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس میں داخلوں سے متعلق کنوینر کوٹہ کی پروویژنل میرٹ لسٹ جاری کردی۔ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق جملہ 16,620 طلبہ پر مشتمل پروویژنل میرٹ لسٹ جاری کی گئی ہے۔ جاریہ ماہ 14 ستمبر شام 5 بجے تک اس لسٹ پر اعتراضات کی گنجائش فراہم کی گئی ہے۔ طلبہ اپنے اعتراضات [email protected] اس ای میل پر کرسکتے ہیں۔ مدت ختم ہو جانے کے بعد اصول ہونے والی شکایتوں کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ یونیورسٹی کے ذرائع نے بتایا کہ 15 ستمبر کو فائنل میرٹ لسٹ جاری کی جائے گی جس کے بعد 16 ستمبر سے پہلے مرحلہ کی کونسلنگ کا آغاز کیا جائے گا۔ 17 سے 19 ستمبر تک آپشنس کی گنجائش فراہم کی گئی ہے۔ 20 سے 24 ستمبر کے درمیان طلبہ کو کالجس میں رپورٹ کرنا پڑے گا۔ دو یا تین مرحلوں کی کونسلنگ کا عمل 30 ستمبر تک مکمل کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں داخلوں کے لئے مقامی (لوکل) کے تعلق سے سپریم کورٹ نے یکم ستمبر کو ریاستی حکومت کے موافق فیصلہ دیا ہے۔ 9 ویں جماعت سے لگاتار 4 سال تلنگانہ میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ ہی مقامی کہلائیں گے۔ حکومت کی اس تجویز کو سپریم کورٹ نے تائید کی ہے جس کے بعد ریاستی حکومت نے 4 زمروں میں سرکاری ملازمین کے خاندانوں کو طلبہ کو مقامی تصور کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق جملہ 1020 طلبہ کو نان لوکل قرار دیا گیا ہے۔ 1020 طلبہ مقامی ہونے سے متعلق سرٹیفکیٹس پیش کرتے ہیں تو انہیں داخلوں کے لئے اہل قرار دیا جائے گا۔ 2