شکایات کی یکسوئی کا تیقن، پارٹی کو اقتدار میں واپس لانے متحدہ مساعی کا فیصلہ
حیدرآباد۔/21 اگسٹ، ( سیاست نیوز) کانگریس ہائی کمان نے سینئر قائدین میں ناراضگی دور کرنے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے سکریٹری اے آئی سی سی ندیم جاوید کو ذمہ داری دی ہے۔ حالیہ دنوں میں ندیم جاوید کو تلنگانہ کا انچارج سکریٹری مقرر کیا گیا اور وہ انچارج جنرل سکریٹری مانکیم ٹیگور کی معاونت میں کام کریں گے۔ ہائی کمان نے اے آئی سی سی کے 3 سکریٹریز کو مانکیم ٹیگور کی مدد کیلئے مقرر کیا ہے۔ سابق وزیر اور آنجہانی ڈاکٹر ایم چنا ریڈی کے فرزند ایم ششی دھر ریڈی کی ناراضگی دور کرنے کیلئے ندیم جاوید نے آج ان سے تارناکہ قیامگاہ پہنچ کر ملاقات کی۔ ششی دھر ریڈی نے گذشتہ دنوں صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کے اندازِ کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ سینئر قائدین کو نظرانداز کرنے کیلئے انہوں نے مانکیم ٹیگور کو ذمہ دار قرار دیا اور انہیں ریونت ریڈی کا ایجنٹ کہا تھا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ندیم جاوید سے ملاقات کے دوران ریونت ریڈی نے کھل کر اپنا موقف بیان کیا اور پارٹی کے استحکام کیلئے کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ذرائع کے مطابق ندیم جاوید نے تیقن دیا کہ تمام سینئر قائدین کی شکایات کا ازالہ کیا جائے گا اور پارٹی کو برسراقتدار لانے کیلئے متحدہ مساعی کی جائے گی۔ ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ندیم جاوید نے کہا کہ ششی دھر ریڈی کا نام پارٹی میں انتہائی احترام سے لیا جاتا ہے۔ وہ ڈاکٹر ایم چنا ریڈی کے فرزند ہیں۔ر